بدین ،05 اگست(اے پی پی ):ملک بھر کی طرح بدین میں بھی کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیئے “یوم استحصال” منایا گیا۔ اس سلسلہ میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو بدین وقار احمد کلوڑ کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر آفس سے ڈی سی چوک تک ریلی نکالی گئی۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو وقار احمد کلوڑ نے کہا کہ 5 اگست کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے اس دن بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کو پامال کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے خصوصی حیثیت کو ختم اور شہری حقوق تلف کرنے کی حرکت کی مگر غیرت مند کشمیری عوام نے بھارت کی ظالمانہ غاصبانہ قبضے کی کوشش کو یکسر مسترد کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کے جذبہ آزادی جرت اور قربانیوں کو سلام پیش کر تی ہے اور پوری دنیا سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے عین مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلوائے اور کشمیر میں آرٹیکل 35A اور 370 کو اپنی اصل حالت میں بحال کیا جائے ۔
ریلی میں ڈسٹرکٹ انفارمیشن افسر سرفراز سمون ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر ڈاکٹر شیر محمد نہڑیو ، لائیو اسٹاک افسر محمد جمن چانڈیو ، ڈسٹر مینیجر پی پی ایچ آئی بشیر احمد عباسی ، سید عمران شاہ ، ڈسٹرکٹ ایگزیکیوٹو مینیجر ہینڈز حیدر علی پنہور اور ایجوکیشن افسر کامران میمن سمیت تعلیم ، صحت ، پولیس ، روینیو ، ضلع کی تمام سرکاری اور غیر سرکاری تنظیموں ،این جی اوز ، میڈیا ، اقلیتوں اور سول سوسائٹی کے ہر طبقے نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔











