پشین، 08 اگست (اے پی پی):سیکرٹری بلدیات بلوچستان دوستین جمالدینی نے کہاہے کہ نچلی سطح پر عوام کے مسائل کے حل میں بلدیاتی نظام کی کا نمایاں کردار ہے ۔نچلی سطح پر ترقی صرف بلدیاتی نظام کی مضبوطی ہی میں مضمر ہے، بلدیاتی نمائندوں کو اسے مضبوط بناکر پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے کردار اداکرنا ہوگا ،بلدیاتی اداروں کو جب تک مضبوط نہیں بنایا جاتا عوامی مسائل کا حل نامکمن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کونسل کے چیئرمین سید عبدالشکور آغا اورڈپٹی چیرمین ملک منظور اچکزئی کے چارج سنبھالنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
جمعیت علماءاسلام کے رہنماوں رکن صوبائی اسمبلی حاجی عبدالواحد صدیقی ، رکن اسمبلی حاجی عزیز اللہ آغا، رکن اسمبلی حاجی آصغر ترین ، سابق صوبائی وزیر مولانا عبدالباری آغا، جمعیت علماءاسلام ضلعی امیر مولوی عزیز اللہ حنفی، پشتوانخوامیپ کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری سردار امجد ترین اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ میر سردار اکبر ترین ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن بلدیاتی نمائندے شہر کے تاجروں، معززین قبائلی عمائدین، وکلائ، صحافیوں اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
مقررین نے کہاکہ ضلع پشین آبادی کے لحاظ سے صوبے کا تیسرا بڑا ضلع ہے ،یہاں کے بلدیاتی نمائندوں کو وسائل کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے، سیاست اور علاقائیت سے قطع نظر ہمیں عوام کو ان کی دہلیز پر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی۔
انہوں نے کہاکہ زلزلوں، سیلابی صورتحال اور قدرتی آفات کے تدارک میں بلدیاتی نمائندوں کا نمایاں کردار ہوتا ہے ہمیں اس نظام کی بہتری کیلئے بھرپور اقدامات اٹھانے ہونگے۔
بلدیاتی ادارے شہری اور دیہی علاقوں کی ترقی کیلئے بنائے گئے ہیں ،بلدیاتی نظام کے بغیر جمہوریت نامکمل ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اگر چاہتی ہے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں تو بلدیاتی اداروں کا وجود ناگزیر ہے، فعال بلدیاتی اداروں سے عوام کو ریلیف ملے گا، عوامی مسائل بہتر طریقے سے حل ہوں گے، دنیا بھر میں موثر بلدیاتی نظام ہی عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے ضامن ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ صوبہ بھر میں بلدیاتی نمائندوں کو زیادہ سے زیادہ وسائل فراہم کرکے موثر بلدیاتی نظام رائج کیا جائے۔ بلدیاتی انتخابات کا بروقت انعقاد یقینی بنایا جائے ،بلدیاتی اداروں کی افادیت اور اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا ایک بااختیار بلدیاتی نظام کے تحت ہی عوام کے مسائل حل ہوسکتے ہیں۔











