ڈیرہ غازی خان۔ 08 اگست (اے پی پی):سیکرٹری ہیلتھ جنوبی پنجاب محمد افضل ناصر خاں نے ضلع ڈیرہ غازیخان کے مختلف ہسپتالوں کا دورہ کرکے صحت کے حوالے سے دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔منگل کو انہوں نے ڈیرہ غازیخان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی،تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں تونسہ و کوٹ چھٹہ اور دیہی مرکز صحت کالا میں مختلف امور اور سروس ڈیلیوری کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان مہر شاہد زمان لک،ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز جنوبی پنجاب ڈاکٹر مہر محمد اقبال،ڈپٹی ڈائریکٹر آئی آر ایم این سی ایچ پروگرام ساؤتھ ڈاکٹر زوہیب حسن،سی ای او ہیلتھ ڈیرہ غازی خان ڈاکٹر ادریس لغاری انکے ہمراہ تھے۔سیکرٹری ہیلتھ نے ڈیرہ غازی خان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں سٹاف کی مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے غیرمناسب سلوک کا نوٹس لیتے ہوئے ایم ایس ڈاکٹر عبدالرحمان چانڈیہ کو فوری کاروائی کی ہدایت کی۔اس کے علاوہ انہوں نے کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ کی انتظار گاہ اور میڈیسن ڈسپنسری میں فوری ائیر کنڈیشنر لگوانے کی ہدایت کی۔ سیکرٹری ہیلتھ جنوبی پنجاب نے رورل ہیلتھ سنٹر کالا میں واٹر ڈسپنسر کی بندش اور انتہائی ناقص حالت پر انچارج ڈاکٹر کی سرزنش کی اور انہیں فوری کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوٹ چھٹہ میں زیر تعمیر ٹراما سنٹر کو بروقت مکمل کرنے،رورل ہیلتھ سنٹر کالا کو مزید ہوادار اور روشن بنانے کے لیے مزید پنکھے اور بلب لگانے کا حکم دیا،انہوں نے ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال تونسہ کو صفائی کے بہتر انتظامات کرنے کے احکامات بھی دیئے،تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال تونسہ کے دورہ کے دوران سیکرٹری ہیلتھ جنوبی پنجاب نے رجسٹریشن اور ہیلتھ کارڈ رجسٹریشن کاونٹرز کا دورہ کیا،انہوں نے عوامی شکایات پر ہیلتھ کارڈ پر علاج معالجہ کی میسر سہولیات میں در پیش مسائل کے حل کے لیے ہفتہ وار نادرا رجسٹریشن موبائل وین کی ہسپتال میں دستیابی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لینے کی ہدایت بھی کی۔سیکرٹری ہیلتھ نے ضلع ڈیرہ غازیخان میں ڈاکٹروں اور دیگر سٹاف کی حاضری،الیکٹرانک میڈیکل ریکارڈ میں بروقت ڈیٹا کے اندراج اور ادویات کے سٹاک کو یقینی بنانے پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ادریس لغاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو صحت عامہ کی زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔











