برطانوی پرائیویٹ سیکٹر ڈویلپمنٹ وفد کا سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

14

سیالکوٹ،9اگست(اے پی پی):برطانوی  پرائیویٹ سیکٹر ڈویلپمنٹ ٹیم لیڈر اینا گبسن کی قیادت میں  مینوفیکچرنگ ایڈوائزر، فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ آفیسر کلیئر او نیل اور پرائیویٹ سیکٹر ڈویلپمنٹ ایڈوائزر ساؤل ہیتھ وے  نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری  کا دورہ کیا۔   سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری  کے سینئر نائب صدر  عامر مجید شیخ نے معزز مہمانوں کا  پرتپاک استقبال کیا۔

 ایس سی سی آئی آڈیٹوریم میں ہونے والے اجلاس کے دوران سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر عامر مجید شیخ نے  سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ پاکستان کا ایک اہم تجارتی  شراکت دار ہے اور سیالکوٹ کے برآمد کنندگان کے لیے ترجیحی مارکیٹ ہے۔ انہوں  نے کہا کہ برطانیہ کو پاکستان کی 2.77 بلین امریکی ڈالر کی برآمدات کے ساتھ دو طرفہ تجارت، مشترکہ منصوبوں اور دونوں طرف کی کاروباری برادری کے تعاون کو بڑھانے کے کافی امکانات موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ معزز مہمان دونوں اطراف کے تاجروں کو آپس میں جوڑنے میں اپنا اہم کردار ادا کریں گے جس کے نتیجے میں برطانیہ کے ساتھ پاکستان کے تعلقات بہتر ہوں گے۔

سینئر نائب صدر سیالکوٹ چیمبر عامر مجید شیخ  کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ کی تاجر برادری اپنی مہارت اور ٹیکنالوجی کو مختلف صنعتی شعبوں میں منتقل کرنے کے لیے برطانوی ہم منصبوں کے ساتھ ہاتھ ملانے کی خواہشمند ہے جس سے دونوں طرف کی کمیونٹی کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ ٹیلنٹ سے بھرا شہر ہے،  یہ کاریگروں سے صنعت کاروں کے ایک طبقے کی نمائندگی کرتا ہے، جنہوں نے برآمدات کی طرف اپنی جبلت اور بہترین حاصل کرنے کی خواہش کے ذریعے سیالکوٹ کو پاکستان کا واحد برآمدی شہر بنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے فٹ بال، فیلڈ ہاکی اسٹکس، کرکٹ گیئرز اور باکسنگ گلوز اولمپکس اور ورلڈ کپ سمیت بین الاقوامی کھیلوں میں استعمال ہوتے ہیں،  زیادہ تر بین الاقوامی کرکٹ بلے باز سیالکوٹ میں تیار کردہ بلے کو ترجیح دیتے ہیں۔

عامر مجید شیخ نے کہا کہ جراحی کے آلات کی تیاری میں ہنرمند دستکاری کی وراثت ایک صدی پر محیط تاریخ ہے جس نے ہمیں اعلیٰ معیار کے سرجیکل آلات تیار کرنے کے قابل بنایا ہے جو دنیا کے 140 سے زائد ممالک کو برآمد کیے جاتے ہیں اور طبی ماہرین، سرجنز، بیوٹیشنز استعمال کرتے ہیں اور مکمل اعتماد کے ساتھ ڈینٹسٹ، چمڑے کی مصنوعات اور ٹیکسٹائل کھیلوں کے لباس میں سیالکوٹ کو معیار اور انداز میں دوسرے ممالک کے مقابلے میں مسابقتی برتری حاصل ہے۔ انہوں  نے کہا کہ ہمارے معزز  مہمان سیالکوٹ کی تاجر برادری کو سراہیں گے جنہوں نے  کاروبار میں غیر معمولی کامیابیوں کے ساتھ ساتھ سماجی شعبے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے، سیالکوٹ کی تاجر برادری نے اپنی مدد آپ کی بنیاد پر کئی منصوبے  بھی مکمل کیے ہیں۔

برطانیہ کے وفد نے سیالکوٹ اور سیالکوٹ کے برآمد کنندگان کی جانب سے اپنی مدد آپ کی بنیاد پر سماجی و اقتصادی اور انسانی ترقی کے منفرد برآمدی کلچر کو بے حد سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کے لوگ کاروبار پر مبنی ہیں جو ملکر ملک  کے لیے زرمبادلہ کما رہے ہیں اور ملک و قوم کے استحکام کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کر ررہے ہیں۔

معزز مہمانوں کو سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری  کی دستاویزی فلم “سیالکوٹ دی سٹی آف پروگریسو پیپل” بھی دکھائی گئی جس میں  انہوں نے  گہری دلچسپی ظاہر کی۔ ٹیم لیڈر اینا گبسن نے ایس ایم ایز(چھوٹے صنعتکاروں) سمیت تاجر برادری کو مختلف قسم ک سہولیات کی فراہمی کے لیے چیمبر میں موجود شرکاء سے آراء مانگیں اور مستقبل میں انہیں سپورٹ کرنے کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں جس سے تاجر برادری کی مشکلات میں کمی اور انکے کاروبار میں بہتری کے مواقع پیدا ہوں۔

وومن چیمبر آف کامرس اینڈا نڈسٹری سیالکوٹ کی ایگزیکٹو رکن مس نادیہ قیصر سمیت دیگر اراکین مجلس عاملہ بھی اس موقع پر یہاں موجود تھے۔