ریلوے کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے تسلسل کے بیس سال چاہئیے؛وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کی میڈیا بریفنگ

19

اسلام آباد،9اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ریلوے کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے تسلسل کے بیس سال چاہئیے اور ریلوے کو ترجیح دینی پڑے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں وزارت ریلوے اور ہوابازی کے حکام کے ہمراہ گزشتہ پندرہ ماہ کی کارکردگی پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کسی بھی حکومت نے ریلوے پر وہ توجہ نہیں دی جو اس کا حق بنتا تھا، ایم ایل ون 6.8 ارب ڈالر کا منصوبہ تھا جو چھ سال میں مکمل ہونا تھا، گزشتہ دور حکومت میں تاخیر کے باعث یہ منصوبہ کی لاگت 9 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے، موجودہ حکومت کے منصوبے کے دائرہ کار اور تخمینے سے متعلق چین سے معاملات طے پا گئے جس کے تحت لاگت 6.67 ارب ڈالر ہو گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پوری دنیا کے ائیرپورٹس آئوٹ سورسنگ سے چل رہے ہیں، اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی کامیاب آئوٹ سورسنگ کے بعد لاہور اور کراچی ائیرپورٹس کی طرف جائیں گے۔