بھکر،10 اگست (اےپیپی ): ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے جشن آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے بازاروں اور مارکیٹوں کی خوبصورت انداز میں سجاوٹ کے سلسلہ میں ضلعی انجمن تاجران کے نمائندگان سے خصوصی ملاقات کی ۔اس موقع پر ڈی پی او محمد نوید بھی موجود تھے جبکہ اے ڈی سی جی عباس رضا ناصر،اے ڈی سی آر سید ظفر حسن نقوی،صدر انجمن تاجران رانا محمد اشرف سمیت دیگر تاجر رہنما بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں جشن آزادی کو بھرپور انداز میں منایا جائے گا اس سلسلہ میں 14اگست کی مناسبت سے خصوصی پروگرامز مرتب کئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی آزادی کے موقع پر ضلعی انجمن تاجران بازاروں اور مارکیٹوں میں رات کے اوقات میں خوبصورت چراغاں اور دکانوں پر قومی پرچم لگانے کا خصوصی اہتمام کرے تاکہ آزادی کی خوشیوں کو مزید دوبالا کیا جاسکے۔اس موقع پر ڈی پی او محمد نوید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں جشن آزادی کے موقع پر سیکیورٹی کے عمدہ ترین انتظامات یقینی بنانے کیلئے خصوصی پلان تشکیل دے دیا گیا ہے مین شاہراہوں پر ون ویلنگ اور ہلڑ بازی کی روک تھام کیلئے بھی خصوصی میکنزم تیار کرلیا گیا ہے ڈی پی او نے کہا کہ خوشی کے اس پر مسرت موقع پر عوام الناس باشعور ہونے کا ثبوت دیں اور مہذب انداز میں جشن آزادی کو منائیں ۔اس موقع پر صدر انجمن تاجران رانا محمد اشرف خاں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی ہدایات کیمطابق جشن آزادی کے موقع پر بازاروں کو خوبصورتی سے سجایا جائے گا دکانوں اور مارکیٹوں کو برقی قمقموں سے روشن کیا جائے گا۔اجلاس سے ضلعی انجمن تاجران کے دیگر عہدیداران نے بھی خطاب کیا اور 14اگست کی تقریبات کو رنگارنگ انداز سے منانے کیلئے ضلعی انتظامیہ کی پیش کردہ ہدایات پر من و عن عملدرآمد کرنے کی یقین دہانی کروائی۔











