ملتان؛ انسداد ڈینگی اجلاس، اقدامات اور آگاہی مہم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

17

ملتان،11 اگست(اے پی پی ):کمشنر انجینئر عامر خٹک کی زیر صدارت انسداد ڈینگی بارے  اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں انسداد  ڈینگی مہم کے اقدامات اور آگاہی مہم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

کمشنر انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ حالیہ موسم کے باعث ڈینگی لاروا کی افزائش کا خطرہ بڑھ گیا ہے،ناقص کارکردگی کے حامل محکموں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔انہوں نے ڈویژن بھر میں سرکاری محکموں کی صفائی چیک کرنے بارے کمیٹیاں تشکیل دینے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری دفاتر میں ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر سربراہ کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔

کمشنر عامر خٹک نے ڈپٹی کمشنرز ،محکمہ صحت کو انسداد ڈینگی مہم کی کامیابی کا ٹاسک سونپتے ہوئے کہا کہ صوبے کو ڈینگی سے پاک کرنا حکومت پنجاب کا عزم ہے۔ ڈینگی کنٹرول ٹیمیں فیلڈ میں نظر آئیں،غلط رپورٹنگ برداشت نہیں کروں گا۔ڈینگی کنٹرول میں ملتان ڈویژن صوبہ بھر میں ٹاپ پوزیشن پر ہونا چاہیے۔جدید اینڈرائیڈ سسٹم کے تحت ڈینگی کے خلاف سرگرمیوں کو پورٹل پر اپ لوڈ کیا جائے۔ڈینگی لاروا ملنے پر کمرشل و نجی عمارتوں کو سربمہر کیا جائے۔

کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ زیرتعیمر عمارات اور جوہڑوں کی خصوصی چیکنگ کی جائے گی۔ضلعی محکمے صفائی اقدامات کے حوالے سے خصوصی اقدامات کریں۔ڈینگی پورٹل پر موصول ہونے والی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے ۔انہوں  نے کہا کہ تمام ہسپتالوں میں ڈینگی کے علاج کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔

پروگرام کوآرڈینیٹر اینڈ انسداد ڈینگی مہم فوکل پرسن ڈاکٹر عطا الرحمن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈویژن میں امسال ابتک ان ڈور 8337 مقامات جبکہ آؤٹ ڈور سرویلنس کے دوران665 مقامات سے ڈینگی لاروا برآمد ہوا ۔ایک روز میں 209 استغاثہ جات، متعلقہ تھانوں میں جمع کروائے گئے76 مقامات سربمہر کئے گئے ، 10 افراد گرفتار کئے گئے۔

 ڈاکٹر عطا الرحمن نے کہا کہ ڈویژن میں ڈینگی کے تمام مریض روبرو صحت ہوئے۔ 48گھنٹوں میں ڈویژن میں ڈینگی کا کوئ کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ ڈینگی مریضوں کیلئے ڈویزن کے ہسپتالوں میں 369 بیڈز مختص کئے گئے ہیں۔

اجلاس میں متعلقہ محکموں کے سربراہان ،ویڈیو لنک پر متعلقہ ڈپٹی کمشنرز اور افسران بھی موجود تھے۔