گوجرانوالہ؛ ڈپٹی کمشنر نے گائوں بوتالہ سردار جھنڈا سنگھ سے“اب گاؤں چمکیں گے” پروگرام کا آغاز کر دیا

45

گوجرانوالہ،16 اگست(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے قلعہ دیدار سنگھ کے گائوں بوتالہ سردار جھنڈا سنگھ سے“اب گاؤں چمکیں گے” پروگرام کا فیتہ کاٹ کر باقاعدہ آغاز کردیا ہے ۔

اس موقع پر  ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے کہا ہے کہ اس پروگرام کے تحت پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار دیہات کو بھی شہروں کی طرز پر صفائی کا عملہ اورسہولیات مہیا کی جائیں گی اور دیہات میں شہروں کی طرح کمپیوٹرائزڈ پیدائشی سرٹیفکیٹس، فوتگی اورشادی سرٹیفیکٹس حاصل کرنے کی سہولتیں بھی میسر ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر یونین کونسل کو سینٹری ورکرز مہیا کیے جائیں گے، ویلیج کمیٹیاں بنائی جائیں گی، اور 93ڈپٹی کمشنر یونین کونسلز کو صفائی کی سہولیات مہیا کی جائیں گی۔

ڈپٹی کمشنر  نے کہا کہ “صرف شہر نہیں، اب گاؤں چمکیں گے” یوم آزادی پر دیہات کے لوگوں کے لئے بڑا تحفہ،اس پراجیکٹ سے  انشاء اللہ دیہات کا سب سے بڑا صفائی اور سینی ٹیشن کا مسئلہ حل گا، اور وطن سے محبت کا تقاضا ہے کہ ہم اسے صاف ستھرا رکھیں۔انہوں نے کہا کہ دین اسلام نے صفائی کو نصف ایمان قرار دیا، اس پروگرام سے گندگی سے پھیلنے والی بیماریوں کا تدارک ہوگا، کوشش ہوگی کہ گوجرانوالہ اور وزیرآباد ہر گاؤں چمکے۔

ڈپٹی کمشنر کو ”اب گاؤں چمکیں گے ” پروگرام پر ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ نے تفصیلی بریفنگ دی،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہر دیہی یونین کونسل کو سینٹری ورکرز مہیا کیے جائیں گے۔ کوڑا تلف کرنے کے لیے مقامی افراد کی مشاورت سے مقامات کا تعین کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کے تحت گلیوں اور نالیوں کی باقاعدگی سے صفائی کو  یقینی بنایا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے کہا کہ  پروگرام کامیاب بنانے کے لیے مقامی افراد پر مشتمل ویلیج کمیٹیاں بنائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ 93 یونین کونسلز کے 75 دیہاتوں کو صفائی کی سہولیات مہیا کی جائیں گی  اور 15 روز میں تمام گاؤں میں چوکیدار اور صفائی کا عملہ مہیا کر دیا جائے گا۔انہوں نے مزیدکہا کہ گاؤں کی کمیٹیاں پروگرام پر عملدرآمد یقینی بنائیں گی۔

ڈپٹی کمشنر نے فلیگ شپ پروگرام کے آغاز پر لوکل گورنمنٹ ٹیم کی کارکردگی کو سرااور کہا کہ “اب گاؤں چمکیں گے”نگران پنجاب حکومت کا یوم آزادی پر دیہات کے لوگوں کے لئے بڑا تحفہ ہے۔

افتتاحی تقریب گائوں بوتالہ سردار جھنڈا سنگھ کے مقامی میرج ہال میں منعقد ہوئی، جس میں اسسٹنٹ کمشنر صدر میاں توصیف احمد، ڈی ڈی لوکل گورنمنٹ، مقامی معززین اور شہریوں کی کثیر تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔