لاہور، 18اگست(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ حکومت مختلف ترقیاتی منصوبوں میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، شہری سہولتوں کے مختلف منصوبوں میں ایشیائی ترقیاتی بینک کا تعاون قابل تعریف ہے۔
ان خیالات کااظہارانہوں نے ایشیائی ترقیاتی بینک کی ڈائریکٹر برائے واٹر اینڈ اربن ڈویلپمنٹ سیکٹر آفس جنگمن ہوانگ سے گفتگو میں کیا، جنہوں نے جمعہ کو یہاں وفد کی قیادت کرتے ہوئے گورنر ہاؤس سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں پنجاب میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے جاری منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کا بہاولپور سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کو اپ گریڈ کرنے میں تعاون اور سالڈ ویسٹ سے بجلی پیدا کرنے کا پراجیکٹ ایک اچھا منصوبہ ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے ملک میں معاشی ترقی اور سماجی خوشحالی کے حصول کے لیے ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے ذریعے پائیدار انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ پروگرام شروع کرنے کی خواہشمند ہے۔
گورنرنے اس بات پر زور دیا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک مقامی حکومتوں کے اداروں کی استعداد کار میں اضافے کے لیے گرانٹس کی شکل میں مددکرے تاکہ منصوبوں کو کامیاب طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک سے سیلاب زدہ علاقوں، صحت، واٹر منیجمنٹ اور اربن ڈویلپمنٹ سیکٹرز میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے تعاون اور اشتراک چاہتے ہیں۔
اس موقع پر ایشیائی ترقیاتی بینک کی ڈائریکٹر برائے واٹر اینڈ اربن ڈویلپمنٹ سیکٹر آفس جنگمن ہوانگ نے کہا کہ ایشیا ترقیاتی بینک پاکستان کی اقتصادی بحالی اور ترقیاتی منصوبوں کی حمایت جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہے۔
وفد میں سیکریٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نادر چٹھہ، پراونشل پراجیکٹ کوارڈینیٹر ایشیائی ترقیاتی بینک عمران سکندر بلوچ، پاکستان ریزیڈنٹ مشن اربن یونے کے سربراہ شوکت شفیع، ایشیائی ترقیاتی بینک کے اربن ڈویلپمنٹ کے حکام، ژی جیائی لیو ، سیکرٹریز اور دیگر موجود تھے۔











