اوکاڑہ؛فوڈ اتھارٹی ٹیم کا سپائسز یونٹ پر چھاپہ ،405 کلو ملاوٹی مرچیں اور5کلو پیکنگ مٹیریل ضبط  

23

اوکاڑہ،20اگست(اے پی پی ):پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹی مرچوں کی بڑی کھیپ پکڑلی، فوڈ سیفٹی ٹیم نے دیپالپور ہائی سکول سٹاپ پر سپائسز یونٹ پرچھاپہ مار کر 405 کلو ملاوٹی مرچیں اور 5 کلو جعلی لیبلنگ مٹیریل ضبط کرتے ہوئے جعلسازوں کیخلاف تھانہ حویلی لکھا میں مقدمہ درج کروادیا ہے ۔

  کارروائی ہائی سکول سٹاپ پاکپتن روڈ پر مصالحہ جات یونٹ پر کی گئی۔ ٹیسٹ کے دوران مرچوں میں ڈائی کلر کی ملاوٹ پائی گئی۔ پیکنگ کیلئے معروف برانڈز کے جعلی ریپرز استعمال کیے جارہے تھے۔ فوڈ اتھارٹی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملاوٹی مرچیں اور پیکنگ مٹیریل ضبط کرلیا۔فوڈ بزنس مالکان کیخلاف ملاوٹ اور جعلسازی کرنے پر مقدمہ درج کروادیا گیا۔ اس موقع پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ ملاوٹ مافیا کیخلاف پنجاب بھر میں گھیرا مزید تنگ کردیا گیا ہے۔