اوکاڑہ؛ فلڈ ریلیف کمیپس میں بہترین سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں، ڈپٹی کمشنر

15

اوکاڑہ،23اگست (اے پی پی):  ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کہا ہے کہ دریائے ستلج کے مقام ہیڈ سلیمانکی اور اٹاری کے فلڈ ریلیف کمیپس اور خیمہ بستیوں میں تقریباََ  2ہزارسے زائد مردو خواتین اور بچوں کو ریسکیو کر کے لایا گیا تھا جن کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ تین وقت کا بہترین کھانا مہیا کیا جا رہا ہے جبکہ کچھ لوگ عارضی قیام کے بعد اپنے عزیز و اقارب کے پاس جا رہے ہیں جبکہ کچھ لوگ مستقل طور پر خیمہ بستیوں میں مقیم ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے فلڈ ریلیف کمیپس اور خیمہ بستیوں کے دورہ کے موقع پر کیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اس وقت تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز سیلاب متاثرین کی امداد میں مصروف عمل ہیں، اسسٹنٹ کمشنرز خیمہ بستیوں میں مقیم افراد میں خود کھانا تقسیم کر رہے ہیں اور اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ سیلاب متاثرین کو بہترین کھانا مہیا کیا جائے جبکہ سیلاب متاثرین کے لئے چارپائیوں ،بستروں ،پنکھوں سمیت خیموں کا وسیع پیمانے پر انتظام کیا گیاہے ۔

 ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کہا کہ ریسکیو آپریشن میں لوگوں کو بحفاظت نکال کر فلڈ ریلیف کیمپس میں منتقل کرنے کے بعد ان کا ابتدائی طبی معائنہ بھی کیا جا رہا ہے اور فلڈ ریلیف کیمپس میں ڈاکٹر و پیرا میڈیکل سٹاف اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔