ہری پور؛1530 میگا وا ٹ پیداوارکے حامل تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کیلئے ریکوری پلان ترتیب دیاجائے ،چیئرمین واپڈا

36

ہری پور،23اگست (اے پی پی):چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی نے پراجیکٹ کنٹریکٹر کو ہدایت کی ہے کہ وہ 1530 میگاواٹ پیداواری صلاحیت کے حامل تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کے لئے ریکوری پلان ترتیب دے اور اِس پر عملدرآمد کو یقینی بنائے تاکہ اِس منصوبے کو شیڈول کے مطابق مکمل کیا جا سکے۔

اِن خیالات کا اظہار انہوں نے ورلڈ بنک اور ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بنک کے وفد کے ہمراہ تربیلا کے پانچویں توسیعی منصوبے کی مختلف سائٹس پر تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ترجمان واپڈا کے مطابق ممبر (واٹر)، ممبر (پاور)، جنرل منیجر (سی اینڈ ایم) واٹر، جنرل منیجر تربیلا ڈیم پراجیکٹ، پراجیکٹ ڈائریکٹر تربیلا پانچواں توسیعی منصوبہ، کنٹریکٹر اور کنسلٹنٹس کے پراجیکٹ منیجرز بھی اِس موقع پر موجود تھے۔

 چیئرمین واپڈا نے پاور ہاوس، ٹیل ریس ٹنل اور ڈاون سٹریم کو فرڈیم سمیت منصوبے کی اہم سائٹس کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے موجودہ ہائی فلو سیزن کے آغاز سے پہلے ہی بالائی اور زیریں جانب کوفر ڈیمز کی تکمیل پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ زیریں جانب بنائے گئے کوفر ڈیم کی بدولت یہ ممکن ہوا ہے کہ موجودہائی فلو سیزن کے دوران تربیلا ڈیم کاسروس سپل وے کھولے جانے کے باوجود پاور ہاوس اور ٹیل ریس ٹنل پر تعمیراتی کام جاری ہے۔

بریفنگ کے دوران چیئرمین واپڈا کو بتایا گیا کہ پاور ہاوس اور ٹیل ریس ٹنل کی تعمیر کے لئے کھدائی کا عمل جاری ہے جبکہ سوئچ یارڈ کی تنصیب کے لئے سلوپ کو مستحکم کیا جارہا ہے علاوہ ازیں تربیلا ڈیم کی موجودہ سرنگ نمبر5 میں بھی تبدیلی کا عمل جاری ہے۔ چیئرمین واپڈا کو منصوبے کے سول اور الیکٹرو مکینیکل کنٹریکٹس پر پیشرفت بارے بھی بریفنگ دی گئی۔

تربیلا پانچواں توسیعی منصوبہ ماحول دوست اور سستی بجلی کی پیداوار کی حکمت ِ عملی کا اہم جزو ہے جس پر واپڈا ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہا ہے ،اِس پراجیکٹ کےلئے ورلڈ بنک 390 ملین ڈالرز جبکہ ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بنک 300ملین ڈالرز کی مالی معاونت فراہم کر رہا ہے۔

 منصوبے سے بجلی کی پیداوار 2025ءمیں شروع ہوگی اور منصوبے کی تکمیل سے تربیلاڈیم کی پیداوار ی صلاحیت 4ہزار 888میگاواٹ سے بڑھ کر 6 ہزار 418 میگاواٹ ہو جائے گی۔