تمام سیاسی جماعتوں کو برابری کی بنیاد پر انتخابی ماحول فراہم کرینگے۔ وزیر اعلی

30

پشاور، 24 اگست(اے پی پی): نگران وزیراعلیٰ محمد اعظم خان نے کہا ہے کہ سرکاری افسران فرائض کی انجام دہی میں کوئی دباو قبول نہ کریں، بلکہ میرٹ اور شفافیت ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

 نگران وزیر اعلی کی زیرصدارت سول افسران کا اہم اجلاس آج منعقد ہوا، جسمیں وزیراعلی نے کہا کہ سول افسران کے لئے قائداعظم محمد علی جناح کی 1948 میں کی گئی تقریر مشعل راہ ہے۔

نگران وزیر اعلی نے کہا کہ قائداعظم کا فرمان ہے کہ سرکاری ملازمین انتہائی لگن، دیانتداری اور غیر جانبداری سے کام کریں اور بابائے قوم کے فرمودات پر سول افسران سختی سے عمل پیرا ہوں۔

وزیر اعلی نے کہا کہ نگران حکومت کا آزادانہ اور منصفانہ انتخابات میں اہم کردار ہے۔ سابقہ ادوار میں کی گئی غیر قانونی بھرتیوں کی رپورٹ پیش کی جائے۔

نگران وزیر اعلی نے اس موقع پر غیر مجاز افراد اور افسران سے سرکاری گاڑیاں فورا واپس لینے کے بھی احکامات جاری کیے۔

نگران وزیر اعلی نے کہا سرکاری افسران تمام فیصلے صرف اہلیت، انصاف اور شہریوں کی فلاح و بہبود کو دیکھتے ہوئے کریں، ہم انکو فرائض سرانجام دینے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرینگے۔

وزیر اعلی نے غیر ضروری اخراجات کم کرکے کفایت شعاری پر سختی سے عمل کرنے اور کرپشن کیسز سے متعلق فوری رپورٹ دینے کی ہدایت جاری کی، ساتھ ہی انہوں نے  چیف سیکرٹری کو تمام محکموں کے ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لینے اور رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔