ڈیرہ غازی خان،05 ستمبر(اے پی پی): بلوچستان سے پنجاب میں ایرانی پٹرول اور ڈیزل کی سمگلنگ روکنے کےلئے تمام راستوں کی کڑی نگرانی شروع کردی گئی ہے ۔ سمگلنگ کرنے والی گاڑیوں کو بند کردیا جائے گا۔
اس حوالے سے اجلاس کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اس موقع پرکمشنر نے کہا کہ کھلا ایرانی تیل اور ڈیزل آتشزگی اور خوفناک حادثات کا باعث بننے کے ساتھ غیر قانونی اقدام ہے اور سمگلنگ روکنے کےلئے سخت اقدامات کئے جائیں گے۔
انہوں نے شاہراہوں پر ٹریفک جام،مظاہرے اور دیگر تمام ممکنہ پہلووں کا جائزہ لیتے ہوئے دونوں ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز کو موثر حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت کی۔
کمشنر نے کہا کہ پنجاب پولیس،بی ایم پی اور دیگر فورسز کسٹم اور دیگر متعلقہ حکام کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے۔انہوں نے کہا کہ امن و امان میں خلل ڈالنے اور کارسرکار میں مداخلت کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی پٹرول اور ڈیزل کی سمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے اور گاڑیوں کو بند کر دیا جائے،ڈپٹی کمشنرز ڈیرہ غازی خان و مظفرگڑھ زیرو ٹالرینس کے تحت کارروائی کریں۔
اجلاس میں آر پی او کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان ڈیرہ غازی خان ، مظفر گڑھ کے ڈپٹی کمشنرز مہر شاہد زمان لک ،محمد سلمان لودھی ،ڈی پی اوز حسن افضل ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز رضوان نذیر ،اسد چانڈیہ اور دیگر افسران شریک تھے۔











