اوکاڑہ؛ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے ،آر پی او محبوب رشید

11

اوکاڑہ،07ستمبر(اے پی پی ):آر پی او ساہیوال محبوب رشید نے کہا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور اس ذمہ داری کو پورا کرنے کے لیے ہر لمحہ کوشاں رہیں، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے  ضلع بھر کے ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈی پی او اوکاڑہ کیپٹن ریٹائرڈ منصور امان ، ایس پی انویسٹی گیشن ملک داود  سمیت ضلع بھر کے ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔

آر پی او محبوب رشیدنے کہا کہ  پولیس گشت کے نظام کو مزید موثر بنائیں تاکہ معاشرہ میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھا جائے،پولیس افسران و جوان فیلڈ میں شریف شہریوں کے ساتھ خوش اخلاق رویہ رکھیں۔انہوں نے کہا کہ تمام ایس ایچ اوز اپنے تھانہ میں روزانہ کی بنیاد پر چار بجے سے چھے بجے شام عوام الناس کے لیے حاضر رہیں۔

آر پی او نے کہا کہ پکار 15 پر موصول ہونیوالی اطلاع پر متعلقہ ایس ایچ او یا ڈیوٹی آفیسر فوری ریسپانس دے، پکار 15 پر جھوٹی اطلاع دینے والے کیخلاف قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جائے اورغیرقانونی حراست پولیس اور ٹارچر سیل بالکل بھی برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایس ایچ او اس بات کا جوابدہ ہوگا۔

 آر پی او محبوب رشید نے مزید کہا کہ اشتہاری مجرمان کی گرفتاری اور اندراج کے متعلق کاروائی کو یقینی بنایا جائے، لڑائی جھگڑا کرنے والے فریقین کے خلاف انسدادی کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نےہدایت کی کہ منشیات فروشوں، آئس ڈیلررز، بدمعاشوں، رسہ گیروں کے خلاف گھیرا تنگ کیا جائے۔