دریاخان،08 ستمبر (اے پی پی ):خدمت خلق کیلئے خدا اپنے مخصوص بندوں کا چناؤ کرتا ہے جو مخلوق خدا کیلئے آسانیاں پیدا کرتے ہیں اور ایسے لوگوں کیلئے خدا نے اجر عظیم رکھا ہے ۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے دریا شوگر ملز میں لنگر خانے اور واٹر فلٹریشن پلانٹس کے افتتاح کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان کو شوگر ملز انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ قائم کردہ لنگر خانے میں بیک وقت 400 افراد کے کھانے کا انتظام یقینی بنایا گیا جہاں پر ہر خاص و عام آکر کھانا کھا سکتا ہے۔ علاؤہ ازیں واٹر فلٹریشن پلانٹس سے بھی کثیر تعداد میں لوگ استفادہ کریں گے۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے اس موقع پر دریاخان شوگر ملز کی انتظامیہ کو ان پروگرامز کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کیا اور تاکید کی کہ عوامی فلاحی کاموں کا تسلسل یونہی برقرار رکھا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ ہم لوگوں کی زندگیاں آسان بنا سکیں۔











