ملتان، 13 ستمبر (اے پی پی ): چیئرمین و سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے اپنے دور حکومت میں سندھ ، پنجاب اور بلوچستان میں تعلیم کی بہتری کیلئے متعدد اقدامات کیے،پاکستان پیپلز پارٹی کا یہی منشور ہے کہ پسماندہ علاقوں میں بہترین تعلیم دی جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں این ایف سی انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے دورے کے موقع پر کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بی بی بے نظیر بھٹو تعلیم میں نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنے پر یقین رکھتے تھے خوشی ہے کہ آج یہاں مذکورہ ادارے میں انکے نام سے منسوب ڈیپارٹمنس کا افتتاح کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا 2012 سے ابتک یونیورسٹی کی انتظامیہ نے فیس میں اضافہ نہیں کیا ،انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ وہ طلباء و طالبات کیلئے آسانیاں پیدا کر رہے، وسائل کا درست استعمال کر کے آپ اچھے ادارے بنا سکتے ہیں،این ایف سی یونیورسٹی بہترین کام کر رہی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جنوبی پنجاب ،سندھ، کے پی کےاور بلوچستان کی عوام کی سیلاب کے دنوں میں یونیورسٹی انتظامیہ کیطرف سے امداد پر شکریہ ادا کرتے ہیں،این ایف سی انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے ثابت کیا ہے کہ وہ کم وسائل میں بہترین ڈلیور کر سکتے ہیں ۔
اس موقع پر چیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے یونیورسٹی میں پاکستان کی بین الاقوامی ذمہ داریوں کے عنوان سے متعلق تقریری مقابلے کے فاتح طلباء طالبات میں شیلڈ تقسیم کیں۔ادارے کے وائس چانسلر کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری کو ملتانی اجرک بھی پہنائی گئی۔
سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ بھی بلاول بھٹو کے ہمراہ تھے۔











