اوکاڑہ؛بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری، اہم شخصیات گرفتار

75

اوکاڑہ،13ستمبر(اے پی پی):بجلی چوروں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری ہے۔ماڈل ٹاؤن، سٹی اوکاڑہ، 36 ٹوآر اے،28 ٹوآراے اور گردونواح میں بجلی چوروں کے خلاف چھاپے مارے جارہے ہیں۔بجلی چوری میں ملوث علاقہ کی اہم شخصیات میں راؤ شکیل احمد اور سید جاوید حسن شاہ سمیت کئی افراد کو پولیس نے موقع پر ہی گرفتار کر لیا ہے ۔

ایکس ای این آپریشن میاں طارق بشیر کے مطابق ڈائریکٹ کنڈیاں  لگانے والے  بجلی چور قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکتے ان کے خلاف مقدمات درج کروائے جا رہے ہیں، لاکھوں روپے کا جرمانہ کے علاوہ بجلی چوری میں ملوث افراد کو 60 ہزار یونٹ چارج کیے گئے ہیں۔

ایس ای لیسکو جمشید زمان نے کہا ہے کہ بجلی چوروں کے خلاف وسیع پیمانے پر گھیرا تنگ اور بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔انہون نے کہا کہ ملکی خزانہ کو نقصان پہچانے والے بجلی چور کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

ایس ای واپڈا جمشید زمان نے کہا کہ ڈائریکٹ کنڈیاں لگانے والوں کو ڈی ڈیکیشن بل ڈالے جا رہے ہیں اورکروڑوں روپے کی ریکوری متوقع ہے۔