ملتان؛ ایمرسن یونیورسٹی میں آر ٹیفیشل انٹیلی جنس اینڈ لینگویجز سٹڈیز کے عنوان سے بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد

46

  

ملتان،20 ستمبر(اے پی پی):وائس چانسلر ایمرسن یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان کی زیر سرپرستی شنگھائی انٹرنیشنل سٹڈیز یونیورسٹی چین اور ایمرسن یونیورسٹی ملتان کے اشتراک سے آر ٹیفیشل انٹیلی جنس اینڈ لینگویجز سٹڈیز کے عنوان سے شعبہ انگریزی کے زیر اہتمام ایک روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان وائس چانسلر ایمرسن ملتان تھے جبکہ مہمان مقررین میں پروفیسر ڈاکٹر ہوکائے باو ،ڈاکٹر کنگ کیانگ اور ڈاکٹر افضال شنگھائی انٹرنیشنل سٹڈیز یونیورسٹی چین شامل تھے۔

 اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر ایمرسن یونیورسٹی ملتان نے آرٹیفشل انٹیلی جنس اور لینگویجز کی ضرورت اور اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دور جدید میں طلبہ کے روشن مستقبل کے حوالے سے یہ انتہائی مفید ہیں ،آنے والا کل زبان و ادب اور اورآئی ٹی کے عروج و آگاہی کا دور ہے اور ایمرسن یونیورسٹی ملتان میں اس حوالے سے آرٹیفشل انٹیلی جنس اورآئی ٹی سے وابستہ چھ شعبہ جات میں بی ایس چار سالہ پروگرام کا آغاز کیا جا چکا ہے ،ترقی کا یہ سلسلہ یونہی چلتا رہے گا ۔

اس موقع پر پروفیسر ہوکائے باو ،پروفیسر کنگ کیانگ اور پروفیسر ڈاکٹر افضال نے ریسرچ اینڈ لینگویجز ڈویلپمنٹ کے حوالے سے طلبہ سے اپنے تجربات بیان کیے اور انکی ضرورت پر زور دیا۔

 اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر عدنان طاہر صدر شعبہ انگریزی نے کانفرنس کے اغراض و مقاصد بیان کئے جبکہ پروفیسر مسعود رضوی فوکل پرسن نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

 کانفرنس میں پروفیسر ڈاکٹر شبیر احمد ڈائریکٹر بہاوالدین زکریا یونیورسٹی لودھراں کیمپس ،پروفیسر ڈاکٹر کامران وائس چانسلر میاں نواز شریف یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ملتان ،پروفیسر منصور احمد کنڈی، پروفیسر ڈاکٹر غلام علی ڈائریکٹر یونیورسٹی ملتان اور یونیورسٹی کے اساتذہ اورطلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔