اسلام آباد،20ستمبر (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ بزنس کمیونٹی پاکستان کی برآمدات بڑھانے میں کردار ادا کرے اگر مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئی تو تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے، (ن) لیگ جامع معاشی منصوبہ بندی کے ساتھ انتخابی میدان میں اتر رہی ہے،پاکستان کے بزنس مین کے بغیر کوئی حکومت کامیاب نہیں ہو سکتی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو اسلام آباد چیمبرآف کامرس میں مسلم لیگ (ن) کا معاشی ایجنڈہ پیش کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ماضی میں ہر بار ڈلیور کیا،1998 میں پاکستان کے پاس فالتو بجلی تھی ، 8 سال بعد بجلی کی طلب پیداوار سے زیادہ ہو گئی، 2013 میں جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئی تو 13 سے 16 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی تھی، ہم نے اس مسئلے کو حل کیا،حکومت سنبھالنے کے بعد تمام صوبائی حکومتوں کی مشاورت کے ساتھ ویژن 2025 شروع کیا، سی پیک کی صورت میں تین سال میں 25ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی جو غیبی مدد تھی، ویژن 2025 پر اگر مکمل عمل درآمد کیا جاتا تو پاکستان اس وقت ٹاپ 20 معیشتوں میں شامل ہوتا۔
ی این ایس، اسلام آباد
سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ بنگلہ دیش اور بھارت میں سیاسی استحکام اور پالیسیوں کا تسلسل رہا جس وجہ سے وہ آگے نکل گئےجو معیشتیں اپنے ماحول کی تبدیلی سے روشناس نہیں ہونگی وہ مٹ جائیں گی، پالیسز میں تسلسل نہ ہونے کی وجہ سے ہم برآمدات میں اضافہ نہیں کر سکے، پاکستان کیلئے سب سے بڑا چیلنج یہ ہے ہم نے اگلے 3 سے 4 سال میں 77 ارب ڈالر کے قرضے واپس کرنا ہیں۔ پاکستان کے بزنس مین کیلئے ضروری ہو چکا ہے کہ اپنی پراڈکٹ کو لے کر دنیا کی ہر مارکیٹ کا دروازے کھٹکھٹائے ۔اگلے سات سے 8 سالوں میں ہمیں اپنی برآمدات کو 100 ارب ڈالر تک لے جانا ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کے بغیر کوئی حکومت کامیابی نہیں ہو سکتی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آئی سی سی آئی احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ معاشی چیلنجز سے نکلنے کیلئے طویل المدتی معاشی پالیسیاں تشکیل دینا ہونگی۔انڈسٹری کا پہیہ چلے گا تو ہی ملکی معاشی طور پر آگے جائے گا۔موجودہ شرح سود میں کاروبار کرنا ممکن نہیں رہا۔بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے پیداواری لاگت میں اضافہ ہو چکا ہے۔زرعی ملک ہونے کے باوجود ہمیں سالانہ 6 سے 7 ارب ڈالرز سے زیادہ کی زرعی اجناس درآمد کرنا پڑتی ہیں۔معاشی بحران کے حل اور ملکی مفاد میں تمام سیاسی جماعتوں کو میثاق معیشت کرنا چاہیے۔بزنس کمیونٹی کی مشاورت سے معاشی پالیسیاں تشکیل دی جائیں۔برآمدات بڑھانے کیلئے علاقائی ممالک پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے۔گوادر اور سی پیک پر ترقیاتی کام مزید تیز کیا جائے۔پی ڈی ایم کی حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا جس پر وہ مبارکباد کی مستحق ہے۔
تقریب سے خطاب میں چیئر مین فائونڈر گروپ خالد اقبال ملک نے کہا کہ پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے ہماری سیاسی قیادت کو یکسو ہونا پڑے گا۔معاشی مسائل کے حل کیلئے بزنس کمیونٹی کو لیڈ رول دینا ہوگا۔
تقریب سے خطاب میں سیکرٹری جنرل یونائیٹڈ بزنس گروپ ظفر بختاوری نے کہا کہ دشمن پاکستان کیخلاف ہائبرڈ وار لڑ رہا ہے۔











