حضرت محمد ﷺ وجہ تخلیقِ کائنات ہیں ،آپؐ کا اسوہ حسنہ تمام امت کیلئے مشعلِ راہ ہے ؛

17

ملتان،21 ستمبر (اے پی پی):ڈائریکٹر حج ملتان ریحان کھوکھر نے کہا ہے کہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم دونوں جہانوں کے لیے رحمت بن کرتشریف لائے ،آپؐ کی آمد سے جہالت کے اندھیرے ختم ہوئے اور ہر طرف نور کا اجالا ہوگیا ،آپؐ وجہ تخلیقِ کائنات اور اللہ کے محبوب ہیں ،آپؐ کا اسوہ حسنہ تمام امت کیلئے  مشعلِ راہ ہے جس پر عمل پیرا ہوکرہم اپنی زندگی و آخرت سنوار سکتے ہیں۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن اور سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان کے زیرِاہتمام ای لائبریری ملتان میں منعقدہ ربیع الاول کے موقع پر 19 ویں سالانہ دو روزہ جائزہ حسن نعت رسول مقبولؐ کے دوسرے روز طلبہ کے درمیان مقابلہ نعت کی تقریب رحمتہ اللعالمینؐ  کانفرنس سے صدارتی خطاب میں کیا ،جس کے مہمانان خصوصی ڈائریکٹر ملتان آرٹس کونسل محمد سلیم قیصر،سابق ایم پی اے بابو نفیس احمد انصاری، جنرل سیکرٹری پاکستان علماءکونسل ملتان پروفیسر عبدالماجد وٹو، ڈائریکٹر انیبلرز گروپ آف سکولز محمد سلیمان خان اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر فاروق لطیف تھے جبکہ نعیم اقبال نعیم صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن تقریب کے منتظم و میزبان اعلی تھے ۔

اس موقع پر رحمت اللعالمینؐ  کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مہمانان گرامی ریحان کھوکھر اور سلیم قیصر نے کہا کہ آپؐ کی تعلیمات سے دوری کے باعث امتِ مسلمہ مشکلات و پریشانیوں کا شکار ہے ،حضور نبی کریمؐ  کی حیات مبارکہ زندگی گزارنے کا بہترین نمونہ ہے جس پر عمل پیرا ہوکر ہم اپنی دنیا و آخرت سنوار سکتے ہیں ۔

نفیس احمد انصاری اور پروفیسر عبدالما جد وٹو نے کہا کہ تحفظ ناموس رسالتؐ و ختم نبوتؐ ہمارے ایمان کا حصہ  ہے، مسلمانوں کا بچہ بچہ تحفظِ ناموسِ رسالتؐ کے لیے اپنا تن من دھن قربان کرنے کو تیار ہے۔فاروق لطیف اور نعیم اقبال نعیم نے کہا کہ نئی نسل میں حب رسولؐ  کو پروان چڑھانے کیلئے نعت گوئی موثرذریعے ہے ،ربیع الاول کے مبارک ماہ میں ایسی بابرکت روحانی محافل سے اجر و ثواب کے ساتھ ساتھ قلبی سکون ملتا ہے۔