اسلام آباد،27ستمبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ سے پاکستان میں فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن (ایف اے او)کی نمائندہ فلورنس رولے نے بدھ کو یہاں ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر کوثر عبداللہ ملک نے کہا کہ زراعت، لائیو سٹاک اور فشریز کے شعبے میں پاکستانی ماہرین کی صلاحیت میں اضافے کے لیے فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن(ایف اے او )سے تعاون کی ضرورت ہے ، ایف اے او اور پاکستان کے درمیان خوراک کی کمی اور پائیدار زرعی پیداوار کے حصول کے لیے موجودہ تعاون انتہائی تسلی بخش ہے۔انہوں نے پاکستان میں غذائی تحفظ اور زرعی پیداوار کو یقینی بنانے کے لیے حکومت پاکستان اور اقوام متحدہ کے فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن کے درمیان دیرینہ شراکت کو سراہا اور کہاکہ بیف سیکٹر میں ایف ایم ڈی کی انتظامی حکمت عملی میں بھی تعاون کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن کی نمائندہ فلورنس رولے نے حکومت پاکستان کے ساتھ قومی اور صوبائی سطحوں پر کام کرنے کے لیے ایف اے او کے جاری عزم کا اظہار کیا۔انہوں نے کہاکہ زراعت کے شعبے اور خوراک کے نظام میں جدت، تبدیلی اور ڈیجیٹلائزیشن لانے کے لئے ایف اے او مدد فراہم کرے گا۔
فلورنس رولے نے بڑھتی ہوئی مقامی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ملک میں سویا بین کی پیداوار کو بہتر بنانے میں وزارت کی مدد کرنے پر اتفاق کیا۔انہوں نے کہاکہ ایف اے او پہلے ہی ایف ایم ڈی پر کام کر رہا ہے اور بہت جلد اس پر عمل درآمد کے لیے وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ کے ساتھ حکمت عملی بنائی جائے گی۔











