نوشہرہ ورکاں،04 ستمبر(اے پی پی): اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ نخبہ صبغت اللہ نے کہا ہے کہ اب گاؤں چمکیں گے پروگرام کے تحت صاف اور شفاف پنجاب کا تصور پورا ہو گا۔
اب گاؤں چمکیں گے پروگرام کی کامیابی کے لیے صوبائی سطح سے لیکر یونین کونسل تک ایک تحریک کی صورت کام جاری ہے پنجاب بھر کی طرح ضلع گوجرانوالہ کی تحصیل نوشہرہ ورکاں کی 24 یونین کونسلوں میں صوبائی سطح پر جاری احکامات کی روشنی میں دیہات میں صحت صفائی کے نظام کو شہری سطح پر لانے کے لیے تمام تر کوششیں اور ذرائع استعمال میں لائے جا رہے ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ ورکاں محمد نوید حیدر کی ایڈمنسٹریشن میں اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ نخبہ صبغت اللہ کی نگرانی میں تحصیل بھر میں دیہات کے اندر صفائی اور دیگر مسائل کی طرف بھر پور توجہ سے کام ہو رہا ہے اور 24 یونین کونسلوں میں72 سینٹری ورکر اور 24 رکشا ڈرائیور بھرتی کیے گئے ہیں جو دیہات میں صفائی کے نظام کی بہتری کے لیے کام کریں گے اور دیہی مقامات کو اب گاؤں چمکیں گے پروگرام کے تحت تمام شہری سہولتیں فراہم ہوں گی۔











