لاہور 4 اکتوبر( اے پی پی ): صوبائی وزیر مائنز اینڈ منرلز ابراہیم مراد کی زیر صدارت محکمہ معدنیات کے آن لائن کیڈاسٹر پورٹل کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ صوبائی وزیر ابراہیم مراد نے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں مائننگ کے شعبہ میں غیر ملکی سرمایہ کاری لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے ان گنت مواقع موجود ہیں، جن کو صحیح طریقے سے سرمایہ کاروں تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔صوبائی وزیرنے پنجاب منرل کمپنی کو چنیوٹ میں کاپر کے پراجیکٹ پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی۔ چنیوٹ میں کاپر کے 8 ارب ڈالر کے ذخائر کا منصوبہ تاخیر کا شکار ہے۔ عوامی فلاح و بہبود کے اس منصوبے میں تاخیری وجوہات کو دور کرکے اسے تکمیل کی جانب لیکر جائیں گے۔ ابراہیم مراد نے کہا کہ نمک کے ذخائر میں صوبہ پنجاب دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے۔ اسکی ایکسپورٹ کے امکانات زیر غور ہیں۔ مائننگ میں کمپنیوں کی اجارہ داری کو ختم کرنے اور بے ضابطگیوں سے بچنے کے لئے اوپن آکشن کی طرف جائیں گے۔ صوبائی وزیرنے محکمہ معدنیات کو کالاباغ میں آئرن اور کی پری فیزیبیلیٹی رپورٹ جلد از جلد پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔











