سیالکوٹ،ضلعی انتظامیہ کا شہر کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن

29

سیالکوٹ۔ 04 اکتوبر (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ سیالکوٹ نے کشمیر روڈ، لاری اڈہ ، کوٹلہ بہرام چوک اور گوہد پور روڈ پر تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کے دوران  پختہ تجاوزات کو موقع پر مسمار کردیا،  شو رومز اور ورکشاپس کو روڈ پر گاڑیاں پارک کرنے کی پاداش میں سربمہر  اور فٹ پاتھ پر رکھا سامان ضبط کرلیا، مزاحمت پر گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ محمد اقبال نے چیف سیکرٹری پنجاب  اور ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر بدھ کو کشمیر روڈ تجاوزات کے خلاف عملہ تہہ بازاری، ٹریفک پولیس اور ہیوی مکینیکل مشینری کے ساتھ گرینڈ آپریشن کیا۔ مسلسل 4گھنٹے تک آپریشن کے دوران دکانوں، ورکشاپس  اور شورومز کے تھڑوں کو ہتھوڑوں اور ایکسی ویٹر کے ساتھ  مسمار کیا گیا۔ ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ محمد اقبال نے کہا کہ کشمیر روڈ کو ہر قسم کی تجاوزات سے پاک کیا جائے گا، کشمیر روڈ پر بینک اور کمرشل اداروں کے سامنے خودساختہ پارکنگ سٹینڈز، گاڑیوں کے شورومز اور روڈ پر ورکشاپس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں خلل واقع ہوتا ہے جس سے شہریوں کو سخت کوفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ فٹ پاتھ پر دکانداروں نے سامان رکھا ہوا جس کی وجہ سے شہری روڈ پر پیدل چلنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دکاندار اپنے کاروبار کو اپنی دکانوں کے اندر تک محدود رکھیں بصورت دیگر ان کے خلاف بلا امتیاز سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔