ڈیرہ غازی خان،05 اکتوبر (اے پی پی):ڈیرہ غازی خان میں مختلف کھیلوں کے فروغ کیلئے 6 اکیڈمیاں قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب کی ہدایت پر ڈویژنل سپورٹس کمپلیکس ڈیرہ غازیخان میں 6 کھیلوں کی اکیڈمیاں قائم کی جا رہی ہیں جن میں جمناسٹک، تائیکوانڈو،بیڈ منٹن،ٹیبل ٹینس،کراٹے اور کرکٹ کھیل شامل ہیں۔ ان اکیڈمیوں میں کوالیفائیڈ کوچ کھلاڑیوں کو جمعہ،ہفتہ اور اتوار کو کھیلوں کی معیاری تربیت دیں گے۔ اس حوالے سے کھلاڑیوں کی رجسٹریشن شروع ہوگئی ہے جس کیلئے کوئی فیس نہیں رکھی گئی ہے۔کھلاڑی رجسٹریشن کیلئے ڈویژنل سپورٹس کمپلیکس ماڈل ٹاؤن روڈ ڈیرہ غازی خان میں ڈویژنل کوچز یاسر سعید چنگوانی اور جاوید لودھی سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ رجسٹریشن فارم کوچز کے علاؤہ ڈویژنل،ضلع اور تحصیل سپورٹس آفس سے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔اس حوالے سے ڈویژنل سپورٹس آفیسر عطاء الرحمن رند بلوچ نے بتایا کہ ضلعی سطح پر بھی کھیلوں کی اکیڈمیوں کے قیام کیلئے غور کیا جارہا ہے۔











