ملتان؛ زگ زیگ ٹیکنالوجی نہ اپنانے والے بھٹوں کو سربمہر کرکے بھاری جرمانوں کے احکامات جاری

33

ملتان، 07 اکتوبر (اے پی پی ):قائمقام کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رانا رضوان قدیر نے کہا ہے کہ ڈویژن بھر میں سموگ و ڈینگی  کے تدارک کیلئے خصوصی اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے، اس سلسلے میں محکمہ ماحولیات اور محکمہ صحت کو خصوصی ٹاسک بھی دیدیا گیا ہے۔ زگ زیگ ٹیکنالوجی نہ اپنانے والے بھٹوں کو سربمہر کرکے  بھاری جرمانوں کے احکامات بھی جاری کئے گئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر آفس میں منعقدہ ڈویژنل کوارڈینیشن اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈینگی،سموگ اور “اب گاؤں چمکیں گے “مہم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

قائمقام کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رانا رضوان قدیر نے کہا کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور ایل پی جی ری فلنگ کے خلاف بھی ایکشن لیا جائے جبکہ ڈینگی کی روک تھام کیلئے فیلڈ ٹیمیں متحرک کرکے آن لائن ڈیٹا تیار کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی مہم میں عدم تعاون پر گودام و پراپرٹی مالکان کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

قائمقام کمشنر کا کہنا تھا کہ فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے پر دفعہ 144 کے تحت مقدمات کرائے جائیں گے۔

بعد ازاں اجلاس میں مخلتف محکموں کی جانب سے تفصیلی بریفننگ بھی دی گئی۔