قصور،07اکتوبر(اے پی پی):قصورپولیس نے 10 کروڑ سے زائد مالیت کا مال مسروقہ اصل مالکان کے حوالے کردیا ہے ۔ ڈسٹرکٹ پولیس لائن قصور میں مال مسروقہ اصل مالکان کے حوالے کرنے کی وقار تقریب کا انعقاد ہوا۔ تقریب میں آرپی او شیخوپورہ ریجن بابر سرفراز الپا، ڈی پی او قصور طارق عزیز سندھو،ایس پی انویسٹی گیشن شاہد محمود، سرکل افسران، ایس ایچ اوز سمیت دیگر پولیس افسران اور صدر بارقصور سمیت دیگر معززین شہرقصور نے شرکت کی۔
آر پی او شیخوپورہ ریجن نے ڈاکوؤں سے برآمد ہونے والا مال مسروقہ اصل مالکان کے حوالے کردیا،برآمد ہونیوالے مال مسروقہ میں نقدی ڈیڑھ کروڑ روپے،43تولہ طلائی زیورات، 04کاریں،310 موٹرسائیکل،13 لوڈر رکشے اور پک اپ،05مزدا اور شاہزور ڈالے، 04ٹریکٹر، 60 موبائل فونز،30 مویشی، ساڑھے پانچ کروڑ روپے کی مشینری اور دیگر قیمتی سامان شامل ہے ۔
ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران406 ملزمان کو حراست میں لیا، 03کلاشنکوف،19 رائفل،15 بندوق،368 پسٹل، 01 کاربین،1346 گولیاں و کارتوس برآمد کیا گیا۔ منشیات فروشوں کے خلاف خصوصی مہم کے دوران587 بدنام زمانہ منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا،13 کلوگرام ہیروئن،ایک کلوگرام آئس،05 کلوگرام افیون،361 کلو گرام چرس اور7795 لیٹر شراب برآمد کیا گیا ہے ۔
چھینی گئی رقم اور دیگر سامان واپس ملنے پر شہریوں نے خوشی کا اظہار کیا اور پولیس کو خراج تحسین پیش کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرپی اوشیخوپورہ ریجن بابرسرفراز الپانے کہاکہ10 کروڑ سے زائد مالیت کا مال مسروقہ مالکان کے حوالے کرتے ہوئے فخر ہے کہ پولیس کا حصہ ہوں۔ عوام کی حفاظت کے لئے پولیس کا مورال اور معیار مزید بہتر کرنا ہوگا۔
بابر سرفراز الپانے کہاکہ قتل کے مقدمات میں تھانہ کی سطح کی تفتیش قصور کی معیاری ہوتی ہے ۔ جرائم پیشہ افراد کو سزا دلانے میں لوگوں ، وکلا اور عدالتوں کا کردار بہت اہم ہے ۔ منشیات جیسی لعنت ختم نہ ہوئی تو اس کی شکست میری، پولیس اور معاشرے کی ہو گئی، معاشرے کے بچوں کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنا اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے کہاکہ عوام اور پولیس کے درمیان فاصلے کو کم کرنے کے لیے ہم توجہ ، محنت کے ساتھ کوشاں ہیں ۔ خدمت مراکز کی تعداد بھی بڑھا کر عوام کو سہولیات دے رہے ہیں ۔ سپر ماڈل تھانہ جات کے ذریعے جدید سہولیات سے مزین فرنٹ ڈیسک دیکر لوگوں کو انصاف فراہم کر رہے ہیں۔











