ملتان ؛ریسکیو1122 کے زیر اہتمام 2005 ءکے زلزلہ میں جاں بحق و زخمیوں کی یاد میں“نیشنل ریزیلنس ڈے” منایا گیا

44

ملتان ،8 اکتوبر( اے پی پی): سیکرٹری ایمرجنسی سروس ریسکیو1122 ڈاکٹر رضوان نصیرکی ہدایت پرملتان میں ریسکیو1122 کے زیر اہتمام “نیشنل ریزیلنس ڈے” منایا گیا ۔ 8اکتوبر 2005ءکے زلزلے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے کی یاد میں دن اس عزم سے منایا کہ حادثات سے نبرد آزما ہونے کے لیے قبل از وقت تیاری ضروری ہے۔

آگاہی واک کے شرکاء نے زلزلے میں وفات پانے والے لوگوں کے لیے دعا کی اور پسماندگان کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا جن کو اس قدرتی آفت میں جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑا۔اس سلسلے میں آگاہی واک اور فلیگ مارچ کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹرکلیم اللہ نے واک کی قیادت کی۔

واک میں ڈسٹرکٹ ملتان کے ریسکیوز،ایمرجنسی آفیسرانجینئرمحمد بلال، کنٹرول روم انچارج محمد مدثر ضیاء کے ساتھ ساتھ ریسکیو رضا کاروںاور سول سوسائٹی نے بھی شرکت کی۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرڈاکٹر کلیم اللہ نے کہا کہ لوگوں کو ایمرجنسی کی صورت میں بلا امتیاز رنگ و نسل 24گھنٹے ریسکیو سروس دستیاب ہے۔ اگرچہ ریسکیو 1122 ملتان اب تک 461,752 ایمرجنسی سے متاثرہ لوگوں کو مدد فراہم کر چکی ہے مگر محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے عوام الناس میں آگاہی اور حادثات سے روک تھام کے لیے کام کرنا ضروری ہے تاکہ ایسا نظام وضع کیا جائے کہ بہتر تیاری اور منصوبہ بندی سے آنے والے حادثات سے نمٹا جا سکے،اس سلسلے میں شہریوں کو چاہئے کے ریسکیو1122کے کمیونٹی سیفٹی ونگ سے مفت ٹریننگ حاصل کریں اور ریزیلنس کیمونٹیز کا قیا م عمل میں لائیں تاکہ کسی بھی بڑے حادثے یا سانحے کی صورت میں فوری طور پر امدادی اقدامات میں اپنا حصہ ملا کر قیمتی جانو ں کو بچا سکیں اور محفوظ معاشرے کے قیام میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔