ساہیوال،8 اکتوبر( اے پی پی): پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج قدرتی آفات سے بچاﺅ کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔اس حوالے سے کمشنر،ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن شعیب اقبال سیدکی ہدایت پر عوامی آگہی کے لئے فضائی آلودگی کے حوالے سے میونسپل کارپوریشن آفس میں سیمینار اور ریلی کا انعقاد کیا گیا۔جس کی صدارت چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد نے کی۔
سیمینار میں میونسپل کارپوریشن کے افسران واہلکاران کے علاوہ دیگر اداروں 1122 کے اہلکاروں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد نے بڑی تعدادمیں شرکت کی، سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے شیخ اشفاق احمد نے کہا کہ کوڑا کرکٹ کو آگ لگانا فضائی آلودگی کے پھیلاو کی سب سے بڑی وجہ ہے،گھروں سے نکلتے وقت فیس ماسک یا رومال کا لازمی استعمال کیا جائے، ناک اور آنکھوں کو ہر گھنٹے بعد پانی سے دھویا جائے۔
سیمینار کے اختتام پر عوامی آگہی کے سلسلہ میں ایم سی آفس سے صدر چوک تک ریلی بھی نکالی گئی اور صدر چوک پر عوام، راہگیروں میں پمفلٹ تقسیم کیے گئے۔











