پشاور،9اکتوبر(اے پی پی): محکمہ خوراک خیبرپختونخوا نے آٹے میں جوار مکس کرنے پر تین فلور ملز کو سیل کر کے فوڈ گرین لائسنس کینسل کر دیئے ہیں۔
اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ نے چارسدہ روڈ اور جی ٹی روڈ پر قائم فلور ملز کا معائنہ کیا اور گندم کی پسائی، ریکارڈ اور باردانہ چیک کیا۔ اس دوران تین فلور ملز میں آٹے میں جوار کو مکس کیا جا رہا تھا جبکہ پنجاب کا باردانہ بھی استعمال کیا جا رہا تھا جس پر اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے رپورٹ راشننگ فوڈ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی کے پاس جمع کرادی جس پر انہوں نے مذکورہ تین فلور ملز کو سیل کرنے اور فوڈ گرین لائسنس کینسل کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔
سیکرٹری محکمہ خوراک ظریف المعانی نے محکمہ خوراک کے افسران کی جانب سے کی جانیوالی کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی محکمہ خوراک کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر فوڈ پوائنٹس میں چیکنگ کریں تاکہ شہریوں کو معیاری و مقررہ نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی ممکن ہو۔











