وزیراعلیٰ محسن نقوی کا ڈی ایچ کیو ہسپتال گوجرانوالہ کا اچانک دورہ، جگہ جگہ سیوریج کا پانی، صفائی کی ناگفتہ بہ صورتحال،بدانتظامی پر سخت اظہار ناراضگی

49

لاہور10اکتوبر( اے پی پی ) نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے ڈی ایچ کیوہسپتال گوجرانوالہ کا اچانک دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال اورمیڈیکل کالج کا بھی دورہ کیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی چائلڈ پروٹیکشن بیوروکی عمارت میں بننے والے پیڈزوارڈ بھی گئے۔وزیراعلیٰ محسن نقوی جب ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچے تو جگہ جگہ سیوریج کا پانی کھڑا تھا اور صفائی کی ناگفتہ بہ صورتحال تھی۔ڈی ایچ کیو ہسپتال گوجرانوالہ میں مریضوں نے شکایات کے انبار لگا دیئے۔ سٹینڈ نہ ہونے کی وجہ سے لواحقین ڈرپ ہاتھ میں پکڑ کر مریض کے سرہانے کھڑے ہونے پر مجبور تھے۔تیمارداروں نے وزیراعلیٰ سے شکایت کی کہ ٹیچنگ ہسپتال گوجرانوالہ میں مریضوں کے پیمپر تبدیل کرنے کے 300 روپے لئے جاتے ہیں -وزیراعلی محسن نقوی نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں بد انتظامی پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔دورے کے دوران ایک مظلوم ماں مسز طاہرہ نے وزیر اعلی محسن نقوی سے اپیل کی کہ ڈاکٹر کی غلطی کی وجہ سے میری بیٹی موت کے منہ میں چلی گئی،انصاف کیا جائے۔وزیر اعلی محسن نقوی نے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کو فوری طور پر انکوائری کا حکم دے دیا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے ڈائلسز سنٹر، کڈنی وارڈ، بچہ وارڈ، ویٹنگ ایریا اور ایمرجنسی بلاک کا بھی دورہ کیا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے چائلڈپروٹیکشن بیورو کی عمارت میں شفٹ ہونے والے بچہ وارڈ کا بھی جائزہ لیا۔کمشنر گوجرانوالہ وزیر اعلی کے دورے کی خبر سن کر بعد میں پہنچے۔بعدازاں نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے گوجرانوالہ میں چائلڈ پروٹیکشن بیور میں بننے والے نئے پیڈز بلاک کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ گوجرانوالہ میں سیف سٹی اتھارٹی کا پراجیکٹ منظور ہوچکا ہے،کام شروع ہے،120روز میں مکمل ہوگا۔گوجرانوالہ میں یونیورسٹی کے قیام کیلئے اراضی لے لی گئی ہے،جلد تعمیرات شروع ہوں گی۔ بے نظیر چوک گوجرانوالہ تا واہنڈوانٹرچینج ایم تھری رابطہ سڑک مقرر مدت میں مکمل کی جائے گی۔ گوجرانوالہ کو لاہور سے منسلک کرنے والے سڑک پر کام تیزی سے جاری ہے۔دریں اثناء نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے گوجرانوالہ میڈیکل کالج اینڈ ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہسپتال کے 5فلور کا معائنہ کیااورطبی سہولتوں کا مشاہدہ کیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے زیر تکمیل برن یونٹ کا جائزہ بھی لیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اس موقع پر سیکرٹری صحت کو فون کر کے برن یونٹ فوری طورپر آپریشنل کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مختلف وارڈز میں جا کر مریضوں کی مزاج پرسی کی۔وزیراعلیٰ کے دریافت کرنے پر مریضوں نے طبی سہولتوں کی فراہمی پر اطمینان کا اظہارکیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے آرتھوپیڈک وارڈ میں زیر علاج بچوں کی عیادت کی اورمریض بچوں سے گفتگو اورشفقت کا اظہار کیا۔کمشنر گوجرانوالہ،آرپی او،ڈپٹی کمشنر،ایم ایس ہسپتال اوردیگر حکام بھی موجود تھے۔