ساہیوال، 11 اکتوبر(اے پی پی): کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا چینی کمپنی کی طرف سے پسپ پروگرام کے جاری تمام کام بند کرنے پر اظہار تشویش، منصوبے کی تکمیل میں تاخیر کسی صورت قابل قبول نہیں، عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے پسپ پروگرام کی ٹائم لائن میں تکمیل نہایت ضروری ہے۔اپنے دفتر میں میونسپل کارپوریشن اور پسپ پروگرام کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے چینی کمپنی کی طرف سے کام بند کرنے کے معاملے کو صوبائی حکومت کے ساتھ اٹھانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈی جی پی ایچ اے ڈاکٹر شاہ زیب، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان، چیف آفیسرضلع کونسل محمد نواز، میونسپل آفیسر غلام عباس، اے سی جنرل علیزہ ریحان اور پسپ پروگرام کے سٹی مینجر محمد اسجد خان نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے شہر میں رکھے ہوئے کنٹینرز کی مرمت کرانے اور انہیں پینٹ کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن شفیق احمد ڈوگر نے بلدیہ کو ہدایت کی کہ یادگار پارک کے ساتھ بنے فٹ پاتھ کو بھی مرمت کرایا جائے تاکہ عوام کو آسانی ہو۔
واضع رہے کہ چینی کمپنی نے آڑاتلہ روڈ پر ڈالا جانے والے”کنڈوٹ”اور مڈھالی روڈ اور فرید ٹاؤن میں سیوریج پائپ ڈالنے کا کام بالترتیب 15اور6 روز سے بند کیا ہوا ہے جس سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔











