مری ،11 اکتوبر (اے پی پی ): ڈویژنل ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر فیصل محمود نے بدھ کو ریسکیو 1122 مری کا اچانک دورہ کیا ،دورے کا بنیادی مقصد ایمرجنسی کور پلان کا مکمل جائزہ لینا تھا اورتشکیل دیے جانے والے ایمرجنسی کور پلان کے مطابق ایمرجنسی ایمبولینسنز، فائر ٹینڈرز،ریسکیووہیکلز،کنٹرول روم 1122 اسٹیشنز اور آپریشن میں موجود ریسکیو اہلکاروں کی کارکردگی کا جائزہ لینا شامل تھا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر کامران رشید نے ایمرجنسی کور پلان پر تفصیلی بریفنگ دی۔ایمرجنسی کور پلان کے مطابق مری میں مستقل قائم ریسکیو اسٹیشنز چھرہ پانی جی ٹی روڈ،سترہ میل ایکسپریس وے،با ئی پاس روڈ پنڈی پوائنٹ اور کجھٹ ایکسپریس وے پر ریسکیو اہلکار دستیاب وسائل کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں،شہری خراب موسم سے پہلے اپنی گاڑیوں کا معائنہ ضرور کروائیں، شہری دوران سفر احتیاط سے ڈرائیونگ کریں،ٹریفک قوانین پر مکمل عمل کریں اور انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ پلان پر عمل کریں ۔











