نگران وزیراعلیٰ پنجاب  کا علی الصبح گوجرانوالہ موٹروے لنک  روڈ کا دورہ

24

گوجرانوالہ،11اکتوبر(اے پی پی):  نگران وزیراعلیٰ پنجاب  نے علی الصبح موٹروے کے ساتھ گوجرانوالہ کو  لنک کرنے والی زیر تعمیر دورویہ سٹرک کا تفصیلی دورہ کیا۔انہوں  نے 2.15 کلو میٹر طویل دو رویہ سڑک کے پورے روٹ کا معائنہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پراجیکٹ کی تکمیل سےگوجرانوالہ سے لاہور تک کا سفر 45 منٹ  میں طے ہو گا کیونکہ لاہور سیالکوٹ موٹروے سے گوجرانوالہ کو واہنڈو انٹرچینج سے بے نظیر چوک تک دو رویہ سڑک کے ذریعے لنک کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لنک روڈ کے ساتھ معاشی سرگرمیوں کے لیے کمرشل ایریا بھی ڈویلپ کیا جائے گا۔ 15.2 کلو میٹر طویل دو رویہ کارپٹیڈ سڑک مو ٹر وے کے لئے بہترین رسائی فراہم کرے گی۔ منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لئے تمام وسائل برو ئے کار لائے جا رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے 15.2 کلو میٹر زیر تعمیر  دو رویہ سٹرک پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کیا، انہوں نے ایف ڈبلیو او کے افسران اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ایف ڈبلیو او کے حکام نے وزیر اعلیٰ محسن نقوی کو منصوبے پر ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رات سے صبح تک پراجیکٹ پر کام کرنے والے مزدوروں سے  مصافحہ کیا اور انہیں شاباش دی،اس دوران انہوں نے بے نظیر چوک سے واہنڈو تک سٹرک کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا،وزیر اعلیٰ نے ارتھ ورک  کے کام کو چیک کیا اور زیر تعمیر پلوں کا معائنہ کیا۔