تعلیم کا مقصد شعور دینے کے ساتھ ساتھ انسان میں اعلیٰ اخلاقی صفات پیدا کرنا ہے، گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن

24

لاہور11اکتوبر ( اے پی پی ): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے آج یہاں گورنر ہائوس لاہور میں خواتین اور بچوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی سماجی تنظیم کے زیراہتمام مختلف اضلاع کے سرکاری سکولوں سے تعلق رکھنے والی طالبات کے وفد نے ملاقات کی۔وفد میں تنظیم کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر عنبرین عجائب، پروونشل کوآرڈینیٹر ارم فاطمہ، اساتذہ اور سماجی تنظیم سے وابستہ افراد شامل تھے۔

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے سکول کی طالبات کو گورنر ہائوس میں خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر طالبات نے گورنر پنجاب کو چارٹر آف ڈیمانڈ بھی پیش کیا۔ملاقات کے دوران گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ گورنر ہائوس کے دروازے طلبا و طالبات کے تعلیمی دوروں کے لیے کھلے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایک پڑھے لکھے معاشرے کے لیے بچیوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا بہت ضروری ہے۔ ایک خاندان، معاشرے اور ملک کی ترقی کے لیے بچیوں کی تعلیم اور تربیت بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بچیوں کے حقوق کے تحفظ کے قوانین بنائے ہیں۔گورنر پنجاب نے تعلیم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم کا مقصد شعور دینے کے ساتھ ساتھ انسان میں اعلیٰ اخلاقی صفات پیدا کرنا ہے۔ ایک اچھا انسان نہ صرف حقوق العباد کا خیال رکھتا ہے بلکہ جانوروں کے حقوق اور ماحول کا بھی خیال رکھتا ہے۔ انہوں نے تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت کے پہلوپر بھی تفصیلی روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ اچھا کردار دنیا اور آخرت میں کامیابی کی ضمانت ہے،ہمیشہ اعلی اخلاق اور سچائی پر کاربند رہیں ۔

اس موقع پر تنظیم کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر عنبرین عجائب نے کہا کہ تنظیم بچیوں کی تعلیم کے حوالے سے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر سال بچیوں کے عالمی دن کے موقع پر پنجاب بھرکے مختلف اضلاع کی بچیوں کو اراکین پارلیمنٹ،  وزرا اور سیاسی لیڈرشپ سے ملاتے ہیں۔ اس موقع پر طالبات کو گورنر ہائوس کا تفصیلی دورہ بھی کرایا گیا۔گورنر پنجاب نے طالبات کی طرف سے پیش کیے گئے مسائل کو متعلقہ حلقوں تک پہنچانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔