ڈیرہ غازی خان، 12 اکتوبر (اے پی پی ): ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے کہا ہے کہ عوام کو انصاف فراہم کرنا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے، پولیس کی طرف سے شہریوں کے ساتھ زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اپنے آفس میں کھلی کچہری کے دوران سائلین سے ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر آر پی او نے ریجن کے تمام اضلاع ڈیرہ غازی خان، مظفرگڑھ، راجن پور اور لیہ سے آنے والے سائلین کی درخواستوں کو سماعت کر کے متعلقہ افسران کو بذریعہ فون فوری کارروائی عمل میں لاکر رپورٹ بھجوانے کے احکامات جاری کیے۔
اس موقع پر آر پی او کا کہنا تھا کہ دفتر میں آنے والے سائلین کی درخواستوں کو مقررہ کردہ ٹائم فریم میں مکمل کرکے فالو اپ لیا جائے اور کسی بھی شہری کے ساتھ زیادتی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ میرٹ پر عوام کی دادرسی اور انصاف کی فراہمی کو ہرصورت یقینی بنایا جائے گا۔











