ٹرانس پشاور موبائل فون ریچارج کی سہولت فراہم کرنیوالی واحد سروس ہے۔ ترجمان ٹرانس پشاور

16

پشاور،12اکتوبر(اے پی پی): ترجمان ٹرانس پشاور نے کہا ہے کہ ماہ ستمبر میں، 30,000 سے زیادہ مسافروں نے اپنے Zu کارڈز کے لیے موبائل فون ریچارج کی سہولت استعمال کی اور 30 لاکھ روپے مالیت کے ریچارجز کیے۔

ترجمان ٹرانس پشاور نے کہا ہے کہ زو پشاور پاکستان میں یہ سہولت فراہم کرنے والی پہلی اور واحد بس سروس ہے، جس نے فروری 2023 میں زو موبائل ایپ کے ذریعے NFC سپورٹڈ موبائلز پر زو کارڈ ریچارج کی سہولت فراہم کی تھی۔

ترجمان ٹرانس پشاور نے کہا کہ اگلے مہینے یعنی مارچ 2023 میں اس کے استعمال میں دوگنا اضافہ ہوا اور موبائل فونز کے ذریعے Zu کارڈ ریچارج کے آغاز سے اب تک، مجموعی طور پر 12 ملین روپے کی مالیت کے ساتھ، 131,546 موبائل ریچارجز ہوچکے ہیں۔

ترجمان ٹرانس پشاور کے مطابق اس فیچر کے ذریعے صارفین اپنے زو ایپ سے زو کارڈ پر بیلینس لوڈ کر سکتے ہیں، یہ فیچر فیڈر روٹس پرسفر کرنے والے مسافروں کے لیے خاص طور پر مفید ہے، جہاں Zu کارڈ ریچارجنگ کی سہولت آسانی سے دستیاب نہیں ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ، مسافر اپنے Zu کارڈز کو کسی بھی ایزی پیسہ، جاز کیش، یا UBL اومنی شاپ سروسز فراہم کرنے والی دکان سے بھی ریچارج کرسکتے ہیں۔