ساہیوال۔ 14 اکتوبر (اے پی پی):ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جمشید مبارک بھٹی کا سنٹرل جیل ساہیوال کا دورہ ،سپرنٹنڈنٹ جیل چوہدری اصغر علی نے انکا استقبال کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے اندرون جیل پی سی او، جیل ہسپتال میں ریکارڈ اور اسیران کو فراہم کی جانے والی ادویات کو چیک کرنے کے ساتھ ساتھ ملاقات شیڈ میں جاری ملاقات کے عمل کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے ملاقات شیڈ میں موجود اسیران سے ان کے مسائل دریافت کئے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جمشید مبارک بھٹی نے ریکارڈ کی پڑتال کے بعد معمولی نوعیت میں ملوث 28اسیران کو ذاتی مچلکے پر رہا کرنے کے احکامات جاری کئے اور جیل میں اسیران کے لئے کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔











