ساہیوال؛ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کو انسداد ڈینگی سرگرمیاں کرنیوالے اینڈرائیڈیوزرز کو متحرک کرنیکی ہدایات جاری کردیں

16

ساہیوال،15 اکتوبر( اے پی پی ): ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید عثمان منیر بخاری نے تمام محکموں کو انسداد ڈینگی سرگرمیاں کرنے والے اینڈرائیڈ یوزرز کو متحرک کرنے کی ہدایات جاری کر دیں، روزانہ کی بنیاد پر ڈینگی سرویلینس جاری رکھی جائے اور بوگس کام کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

 وہ یہاں ڈی سی آفس کے منٹگمری ہال میں انسداد ڈینگی سرگرمیوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر آئی آر ایم این سی ایچ ڈاکٹر طاہر چوہدری، ایس این اے خرم سلیم سمیت تمام متعلقہ محکموں کے ضلعی افسران نے شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ تمام ہاٹ سپاٹس بشمول پارکوں اور قبرستانوں کی روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کی جائے۔ اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ 14ستمبرسے13اکتوبر تک ضلع ساہیوال میں ڈینگی کے 573مشتبہ جبکہ9کنفرم مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔

 ڈاکٹر طاہر چوہدری نے بتایا کہ محکمہ صحت کی ان ڈور اور آوٹ ڈور ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں اور اس عرصہ کے دوران ان ڈور ٹیموں نے 397247گھروں اور627793کنٹینرز کو چیک کیا جبکہ آوٹ ڈور ٹیموں نے 67100گھروں اور 101086کنٹینرز کو چیک کیا جہاں پر ایک جگہ سے لاروا برآمد ہوا جسے فوری تلف کر دیا گیا۔