لاہور 18 اکتوبر ( اے پی پی ): نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی ہدایات پر صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر اور نگران صوبائی وزیر اوقاف اظفر علی ناصر نے فیصل آباد میں گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد کا اچانک دورہ کیا۔ نگران صوبائی وزراء نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا تفصیلی دورہ کرکے مریضوں کوعلاج معالجہ کی فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔انہوں نےمشینری کی دستیابی اور فعال ہونے کی تصدیق کی۔ نگران صوبائی وزراء نے زیرعلاج مریضوں کی عیادت اور ان سے ڈاکٹرز کی طرف سے چیک کرنے کے بارے میں دریافت کیا اور ہسپتال میں آوٹ سورس سروسز کا معیار ناقص ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نےکنٹرکٹ سٹاف کی موجودگی کو چیک کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے بعض مریضوں کو بروقت علاج فراہم نہ کرنے پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی سرزنش کی اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سے مریضوں کی شکایت حل نہ ہونے پر وضاحت طلب کرلی۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو اپنی تعیناتی کے بعد سے اب تک ہسپتال کی بہتری اور مریضوں کے علاج معالجہ کی پراگریس رپورٹ فراہم کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔ ہسپتال کو مزید بہتر بنانے اور درکار مشینری سمیت دیگر ضروریات کے بارے میں تحریری درخواست حکومت پنجاب کو ارسال کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر کا کہنا تھا کہ نگران حکومت پنجاب نے شعبہ صحت کی بہتری پر توجہ مرکوز کررکھی ہے۔ مریضوں کے علاج معالجہ میں کوئی تعطل برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعلی کے حکم پر صوبائی کابینہ سمیت چیف سیکرٹری اور انتظامی سیکرٹریز ڈویژن بھر کے ہسپتالوں کی انسپکشن کررہے ہیں۔ ہسپتالوں میں مریضوں کے لئے مشکلات پیدا کرنے والے عہدوں پر قائم نہیں رہیں گے۔ عامر میر نے کہا کہ ہسپتال کے دورہ کے حوالے سے آج ہی زمینی حقائق پر مبنی رپورٹ نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کو پیش کردی جائے گی۔











