لاہور،19اکتوبر(اےپی پی): نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی سے آج وزیراعلیٰ آفس میں امریکہ اور دیگر ممالک سے آئے سکھ یاتریوں کے وفد نے ملاقات کی۔سکھ یاتریوں نے لاہور،ننکانہ صاحب، حسن ابدال اور کرتارپور میں سکھ برادری کے مذہبی مقامات کی دیکھ بھال پر وزیراعلیٰ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سکھ یاتریوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سکھ یاتریوں کو پاکستان آمد پر ویزا آن آرئیول دینے کی کوشش کررہے ہیں،اس ضمن میں وفاقی حکومت سے بات کی ہے اور جلد خوشخبری دیں گے۔ ننکانہ صاحب میں سکھ برادری کے لئے کمیونٹی سنٹر بنا کر دیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ سکھ یاتریوں کے لئے پنجاب میں ٹورز کا خصوصی پیکیج لا رہے ہیں، محکمہ سیاحت اس پیکیج کو حتمی شکل دے رہاہے۔ سکھ یاتری پیکیج کی آن لائن بکنگ کرا سکیں گے۔ خوشی ہے کہ سکھ یاتریوں کے وفد میں نوجوان بھی شامل ہیں۔ سکھ یاتریوں کا پورا خیال رکھاجائے گا اوران کی بھرپو رمہمان نوازی کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ سکھ یاتری جب چاہئیں پاکستان آئیں،انہیں کسی قسم کا مسئلہ نہیں ہوگا۔ ننکانہ صاحب میں بابا گرونانک کے جنم استھان کے پانی کو پیک کر کے سکھ یاتریوں کو دیاجائے گا۔ سکھ یاتری جتنے بھی دن قیام کریں گے، محبتیں دیں گے۔ چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان نے سکھ یاتریوں کے وفد کو ”جی آیاں نوں“ کہا۔ چیف سیکرٹری نے کہاکہ پنجاب میں سکھ بھائیوں کے لئے ایگزیکٹو ٹورز کا اہتمام کیاجا رہاہے۔سکھ یاتریوں کے وفد نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو روایتی چادر پہنائی۔درشن سنگھ نے کہاکہ جو مان سمان پنجاب میں ملا کوئی سوچ بھی نہیں سکتا۔ سکھ یاتریوں کے وفد نے اس موقع پراظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں جو پیار اورخلوص ملا وہ فراموش نہیں کرسکتے۔ سوچا بھی نہیں تھا کہ پنجاب حکومت اس قدر محبت دے گی،پنجاب آ کر اپنائیت کا احسا س ہوا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی اور ان کی ٹیم نے ہمارا بہت خیال رکھا اور بہترین مہمان نوازی کی۔ گردواروں کی دیکھ بھال کے لئے وزیراعلیٰ محسن نقوی او ران کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ صوبائی وزراء اظفر علی ناصر،عامر میر،چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس،ایڈیشنل سیکرٹری ہوم، سیکرٹریز سیاحت، اوقاف، اطلاعات، کمشنر لاہور ڈویژن،ڈی جی پی آر،ڈپٹی کمشنر لاہور اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔











