ملتان،26 اکتوبر( اے پی پی ): ایشیاء ویل چیئرز کپ دوسری بار جیتنے کااعزاز، پاکستان کو ویل چیئرز ورلڈ کپ کی میزبانی مل گئی۔ یہ انکشاف پاکستان ویل چیئرز کرکٹ ایسوسی ایشن کی صدر رخسانہ نے ملتان میں ڈسٹرکٹ سپورٹس آفس کی طرف سے منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں ویل چیئرز کپ کرکٹ چیمپئن شپ جیتنے والی پاکستان ٹیم کے کپتان محمد ذیشان اور چیمپئن سکواڈ کے کھلاڑیوں کپتان محمد ذیشان، محمد موذن (لاہور)، محمد لطیف(ڈیرہ غازیخان) اور احمد یار(ملتان ) ،نامور سپیشل پرسنز موٹیویشنل سپیکر نادر خان، ایم ڈی مکس انسٹی ٹیوٹ احمد علی بھٹی نے بھی خطاب کیا۔ میزبان ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر فاروق لطیف نے دوسری بار ویل چیئرز کرکٹ چیمپئن بننے پر قومی ٹیم کو یادگاری شیلڈز اور اجرک پیش کیں۔
اس موقع پر ایشیاءویل چیئرز کرکٹ چیمپئن ٹرافی کی رونمائی بھی کی گئی اور ڈویژنل سپورٹس آفس ہال میں موجود سپیشل پرسنز نے ٹرافی کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں۔
صدر پاکستان ویل چیئرز کرکٹ رخسانہ نے مزید کہا کہ پاکستان نے پہلی بار ایشیائی ویل چیئرز کرکٹ ٹرافی پہلی بار سال 2019ء میں جیتی تھی اور اس بار بھی نیپال میں کامیابی سے اپنے ٹائٹل کا دفاع کیا اور دوسری بار ایشیائی ویل چیئرز کرکٹ ٹرافی اپنے نام کی ہے۔ انہوں نے اس یادگار عظیم کامیابی کا کریڈٹ ٹیم ورک کو دیا اور کہا کہ ہمارے لیے خوشی کی بات ہے کہ ویل چیئرز ورلڈ کپ کی میزبانی بھی پاکستان کو مل گئی ہے۔
انہوں نے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر فاروق لطیف کی پیشکش کو قبول کرتے ہوئے قومی ویل چیئرز کپ کرکٹ کی میزبانی ملتان کو دینے کا اعلان بھی کیا۔قبل ازیں تقریب میں آمد پر ایشین ویل چیئرز چیمپئن کپتان محمد ذیشان، کرکٹرز محمد لطیف، محمد موذن، احمد یار اورخاتون صدر رخسانہ کا ڈھول کی تھاپ پر شاندار استقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔











