جوہر آباد،27 اکتوبر( اے پی پی ): مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ اور ناجائز تسلط کے 75 برس پورے ہونے پر یوم سیاہ کے موقع پر،کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے جوہر آباد میں بھی پروگرام کا انعقاد ہوا ، اس سلسلہ میں یونیورسٹی آف ایجوکیشن جوہرآبادمیں ایک تقریب ہوئی۔
طالبات نے کشمیرپر بھارت کے غاصبانہ قبضہ کے خلاف اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ایک ریلی نکالی، ریلی کی شریک طالبات نے بڑے بڑے بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیر کی آزادی اور مظلوم کشمیریوں پر بھارتی افواج کے بہیمانہ ظلم اور ریاستی دہشتگردی کے خلاف نعرے درج تھے ،یوم سیاہ کے موقع پر جوہر آباد کے نواحی چکوک میں آباد کشمیریوں نے بھی یوم سیاہ منایا۔
اس سلسلہ میں ممتازکشمیری رہنما سابق چیئر مین چودھری محمود حسین کی رہائش گاہ پر تقریب ہوئی، اس موقع پر چودھری محمود حسین نے کشمیر پر بھارتی قبضہ اور ظلم و تشدد کی شدید مذمت کی۔
تقریب میں تاجران، صحافیوں اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی،شرکاء نے بھارتی افواج کے ہاتھوں کشمیری مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کی شدید مذمت کی اور کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے نعرے لگائے ،آخر میں کشمیر کی آزادی اور ملک و قوم کی سلامتی کے لئے دعا بھی کی گئی۔











