ملتان، 27 اکتوبر (اے پی پی ): ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی۔ ریلی ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر کی سربراہی میں ملتان آرٹس کونسل سے کلمہ چوک تک نکالی گئی۔ریلی کے شرکاء نے بینر اور پوسٹر اٹھا کر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بھی بنائی۔اس موقع پر شرکاء کے “کشمیر بنے گا پاکستان”کے فلک شگاف نعروں سے شہر گونج اٹھا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے کہا کہ عالمی برادری اب کشمیریوں کے حقوق سے آنکھیں بند نہیں کرسکتی،پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی مانند اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
اس موقع پر ڈی جی ایم ڈی اے ڈاکٹر زاہد اکرام،اسسٹنٹ کمشنر سٹی سیمل مشتاق،جنرل اسسٹنٹ ریونیو عابد شبیر سمیت ضلعی افسران بھی شریک ہوئے۔











