ملتان، 27اکتوبر(اے پی پی ):ایڈیشنل سیکرٹری کوآرڈنیشن محمد فاروق ڈوگر نے کہا ہے کہ عوامی شکایات کا ازالہ ہماری اولین ترجیح ہے اس لئے سیکرٹریٹ آنے یوالے سائلین کے ساتھ خندہ پیشانی سے پیش آئیں اور انہیں اولیت دی جائے۔
وہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کے دفتر میں تعینات افسران اور اہلکاروں سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ خطے کا سب سے باوقار آفس ہے،اس لئے یہاں خدمات سرانجام دینے والے افسران اور اہلکار اپنی کارکردگی کو مثالی بنائیں ۔ دفتر کا کام روزانہ کی بنیاد پر نمٹایا جائے اور اسے التواء میں نہ ڈالا جائے۔انہوں نے کہا کہ دفتر کا تمام ریکارڈ اپ ڈیٹ رکھا جائے اور ای فائلنگ سسٹم کو مزید موثر بنایا جائے۔
محمد فاروق ڈوگر نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے ہر شعبے کے اعداد و شمار اکٹھا کرنے کی ہدایت کی تاکہ کسی بھی شعبے کے بارے میں منصوبہ بندی کرنے کے لئے ضرورت پڑنے پر ڈیٹا موجود ہو۔
ایڈیشنل سیکرٹری نے دفتر کے اوقات کی پابندی کرنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے کہا کہ افسران اور ملازمین ڈریس کوڈ پر عمل کریں، دفاتر میں صفائی کو برقرار رکھیں اور پارکنگ ایریا میں گاڑیاں اور موٹرسائیکل ترتیب سے پارک کریں۔











