لاہور، 27 اکتوبر ( اے پی پی ): محکمہ ترقی نسواں نے جمعہ کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے یکجہتی واک کا اہتمام کیا اور بھارتی افواج کے مظالم کی مذمت کی۔ واک کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مسلح افواج کے مظالم کے خلاف کشمیریوں سے اظہار یکجہتی ہے۔
آج کے دن76سال قبل، بھارتی سیکورٹی فورسز بین الاقوامی قانون اور انسانی اصولوں کی صریحاً خلاف ورزی کرتے ہوئے سرینگر میں غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو محکوم بنانے کے لیے اتری تھی۔بھارتی مظالم کی ہولناک نوعیت اور ریاستی دہشت گردی کی بدترین شکل کا سامنا کرنے کے باوجود، جموں وکشمیر کے لوگوں نے غیر معمولی جرات، طاقت اور لچک کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے ثابت کر دیا ہے کہ بھارت وحشیانہ طاقت کے استعمال سے ان کی مرضی کو نہیں توڑ سکتا۔اقوام متحدہ پہلے ہی ان کے حق خودارادیت کو تسلیم کر چکی ہے اور وہ کشمیریوں کو ان کے حقوق ملنے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
ادارہ ترقی خواتین نے اعادہ کیا کہ پوری قوم مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے ساتھ ہیے اور ہم انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ اس موقع پر مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور کشمیری بھائیوں کی کامیابی کے لیے دعا بھی کی گئی۔
واک کے اختتام پر شرکاء کی جانب سے کشمیری عوام کی حمایت کے لیے ایک انسانی زنجیر بنائی گئی۔ ریلی میں اعلی افسران اور عملے کی بڑی تعداد نے بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن پر بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے نعرے لکھے ہوئے تھے۔











