جے یو آئی کے سندھ امن مارچ کامیرپورخاص پہنچنے پرکارکنوں اور شہریوں کی جانب سے شاندار استقبال

68

 

میرپورخاص ،28 اکتوبر (اے پی پی):جے یو آئی کا امن مارچ علامہ راشد محمود سومرو کی سربراہی میں میرپورخاص پہنچا تو کارکنوں اور شہریوں کی جانب سے امن مارچ کا شاندار استقبال کیا گیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔

شہر کے مرکز میں پوسٹ آفس چوک سے اسٹیشن روڈ پر ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے علامہ راشد محمود سومرو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا امن قافلہ سندھ کے امن کے لیے احتجاج اور مظاہرہ ہے، ہم میرپورخاص کے شہریوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمیں پرتپاک خوش آمدید کیا۔

جمیعت علمائے اسلام کا یہ“امن مارچ” کراچی کی جانب رواں دواں ہے ہم عوام کیساتھ ملکر سندھ کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔ انتخابی منشور کا اٹھارہ نکاتی ایجنڈا پیش کرتے ہوئے    علامہ راشد محمود سومرو   نے کہا کہ ہم سرکاری ملازمین کی تنخواہ ایک تولہ جبکہ غیر سرکاری ملازمین کی تنخواہ آدھا تولہ سونے کے برابر کریں گے، سندھ سے منشیات کا سو فیصد خاتمہ کریں گے، فرقہ واریت کا خاتمہ ہوگا، پانچ کروڑ کلو آٹا بیوہ اور بیروزگار خواتین کو گھر کی دہلیز پر پہنچائیں   گے، سندھ کے تمام اضلاع میں جدید شہر تعمیر کریں گے۔ سندھ کے عوام کو 15 سال سے حقوق سے محروم رکھا گیا ہے۔ دیہی اور شہری عوام گھمبیر مسائل کاشکار ہیں۔ اسٹریٹ کرائمز ، اغوا برائے تاوان سمیت لاقانونیت عروج پر ہے، عوام کو دعوت دے رہا ہوں ہمارے ساتھ امن کا جھنڈا تھام لیں۔