وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کا علی الصبح نواز شریف انٹرچینج بیدیاں روڈ انڈرپاس کا دورہ، تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا

43

 

لاہور، 28 اکتوبر (اے پی پی): وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے علی الصبح نواز شریف  انٹرچینج  بیدیاں روڈ انڈرپاس کا دورہ کیا۔ صوبائی وزراء منصور قادر، عامر میر اور اظفر علی ناصر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

وزیر اعلی محسن نقوی کے مسلسل دوروں سے انڈرپاس کی کھدائی کا  کام مکمل ہو گیا اور انڈرپاس کی اندرونی سڑکوں پر کنکریٹ ڈالنے کا عمل بھی جاری ہو گیا ہے۔ وزیراعلی نے پراجیکٹ کے تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا اور انڈرپاس کے بیڈ پر جاری کاموں کا معائنہ کیا۔ انہوں  نے انڈر پاس کی دیواروں کے کام کو چیک کیا اور منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت بھی دی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ منصوبے پر 3 شفٹ میں کام جاری رکھا جائے اور باقی ماندہ کاموں کو جلد مکمل کیا جائے۔

   وزیراعلی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ انڈر پاس کی ریٹینگ والز، ڈیک سلیب پر کام جاری ہے ، انڈر پاس کی چھت مکمل کر لی گئی ہے،   انڈرپاس کے اطراف کی سڑکوں پر بھی کام ہو رہا ہے، الیکٹرک پولز کی تنصیب کا عمل بھی جاری ہے۔

وزیراعلی کو بتایا گیا کہ انڈرپاس کو آئندہ چند ہفتے میں مکمل کرکے ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔ اس کے علاؤہ کنٹریکٹر نے منصوبے پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی ۔