ڈاکٹرز کمیونٹی ہمارے ملک کی کریم اور اعلیٰ طبقہ ہیں، ایک اچھا ڈاکٹر بننے کیلئے ایک اچھا انسان بننا ناگزیر ہے؛صوبائی وزیر ابراہیم حسن مراد

51

گوجرانوالہ، 28 اکتوبر (اے پی پی):صوبائی وزیر لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ و ٹرانسپورٹ ابراہیم حسن مراد نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز کمیونٹی ہمارے ملک کی کریم اور اعلیٰ طبقہ ہیں، ایک اچھا ڈاکٹر بننے کیلئے ایک اچھا انسان بننا ناگزیر ہے‘ ڈاکٹرز غریب کی تکلیف دور کرنے ،عام آدمی کی زندگی میں بہتری لانے اور اللہ کی رضا و خوشنودی حاصل کرنے کے لیے کام کریں۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ میڈیکل کالج کے ساتویں پانچ سالہ سالانہ کانووکیشن 2023کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی ،وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر نادیہ،پرنسپل گوجرانوالہ میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹراقبال حسین ڈوگر، وائس پرنسپل ڈاکٹر سید اظہر شاہ،سابق پرنسپلز پروفیسر ڈاکٹر آفتاب محسن، پروفیسر ڈاکٹر معروف عزیز،سابق ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر فضل الرحمن، میڈیکل کالج کے فیکلٹی ڈاکٹرز طلباء وطالبات، اساتذہ کرام اور والدین نے کثیر تعداد میں کانووکیشن 22 -2017 میں شرکت کی ۔

 صوبائی وزیر لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ گوجرانوالہ میڈیکل کالج سے فارغ التحصیل ڈاکٹرز کو چاہیے کہ وہ آگے بڑھنے کیلئے مختلف شعبوں میں سپیشلائزیشن کریں اوراپنی عملی زندگی میں مریضوں کے ساتھ انتہائی شفیقانہ رویہ اپنائیں، زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے لیکن انسانوں کی زندگی بچانے کیلئے جانفشانی اورپوری کوشش کریں کیونکہ حدیث مبارکہ میں ہے کہ جس نے ایک انسان کی جان بچائی گویا اس نے پوری انسانیت کو بچایا۔ انہوں نے ڈاکٹرز پرزوردیا کہ دنیا میں جہاں بھی جائیں اپنی پہچان پر فخر کریں اور اسے برقرار رکھیں،پوری دنیا آپ سے محبت کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ مجھے یہ جان کر حیرانگی ہوئی کہ 75فیصد گریجویٹس فی میل ہیں اورڈاکٹر بننے والی صرف22 فیصد خواتین عملی پریکٹس میں آتی ہیں۔

 صوبائی وزیر لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ کالج ہذا کا سالانہ بجٹ ڈیڑھ ارب روپے ہے اس طرح حکومت پنجاب پانچ سالوں میں آپ پر ساڑھے سات ارب روپے خرچ کر رہی ہے۔ انہوں نے ڈاکٹرز پر زور دیا کہ آپ کے کام میں ایکسی لینسی ہونی چاہیے اور جو کام آپ کریں اس میں خشوع ہونا چاہیے ۔

کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی نے کہا کہ ڈاکٹرز آج کے اس دن کو اللہ کی شکر گزاری کے دن کے طور پر منائیں جس نے لاکھوں میں سے آپ کوملک و قوم اور دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے چنا اپنی صلاحیتیں اور توانائیاں علمی و تحقیقی کاموں میں صرف کریں۔

 قبل ازیں پرنسپل گوجرانوالہ میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر اقبال حسین ڈوگر نے کالج کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی اور کامیاب ہونے والے 99.خوش نصیب ڈاکٹرز اورانکے والدین کو مبارکباد پیش کی ۔

 وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر نادیہ نےنئے ڈاکٹرز سے خصوصی حلف لیا۔  پرنسپل کالج پروفیسر ڈاکٹر اقبال حسین ڈوگر نے  مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ کانووکیشن کے اختتام پرنمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ایم بی بی ایس ڈاکٹرز کو ڈگریوں،اسناد،میڈلز اور دیگر اعزازات سے نوازا گیا۔